اتر پردیش میں محض 30 سیٹ تک محدود رہ سکتی تھی بی جے پی، 3 سیٹوں پر 5 ہزار سے کم ووٹوں سے ملی فتح
بی جے پی نے مجموعی طور پر 240 سیٹیں حاصل کی ہیں اور سبھی ریاستوں کے نتائج پر نظر ڈالی جائے تو 7 سیٹیں ایسی ہیں جہاں پارٹی کو 5 ہزار سے بھی کم ووٹوں سے کامیابی ملی ہے۔
بی جے پی امید کر رہی تھی کہ ہندوستان میں تیسری مرتبہ بھی ایک ایسی حکومت تشکیل دی جائے گی جس میں نریندر مودی کے ہاتھ انتہائی مضبوط ہوں گے۔ لیکن جب لوک سبھا انتخابات 2024 کے نتائج برآمد ہوئے تو ’400 پار‘ کا نعرہ دینے والی بی جے پی کی سیٹیں محض 240 تک پہنچ پائیں۔ 543 رکنی پارلیمنٹ میں حکومت سازی کے لیے 272 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے، یعنی بی جے پی اپنے دَم پر حکومت بنانے سے 32 سیٹ دور رہ گئی۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ سیٹوں کی یہ تعداد 233 ہو سکتی تھی، کیونکہ 7 ایسی سیٹیں ہیں جہاں بی جے پی نے 5 ہزار سے بھی کم ووتوں سے فتح حاصل کی۔
سب سے زیادہ مایوسی بی جے پی کو اتر پردیش سے حاصل ہوئی ہے۔ 80 سیٹوں والی اس ریاست میں بی جے پی کو محض 33 سیٹیں ملی ہیں۔ یہاں سماجوادی پارٹی 37 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بنی ہے۔ کانگریس اتر پردیش میں تیسرے نمبر کی پارٹی رہی جسے 6 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اتر پردیش میں بی جے پی محض 30 سیٹوں تک محدود ہو سکتی تھی، کیونکہ بانس گاؤں، پھول پور اور فرخ آباد میں اس کے امیدوار 5 ہزار سے بھی کم ووٹوں سے فتحیاب ہوئے ہیں۔
اتر پردیش کی مذکورہ بالا تینوں سیٹوں کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ بانس گاؤں میں بی جے پی امیدوار کملیش پاسوان (428693 ووٹ) نے کانگریس امیدوار سدل پرساد (425543 ووٹ) کو محض 3150 ووٹوں سے شکست دی۔ اسی طرح پھول پور سیٹ سے بی جے پی امیدوار پروین پٹیل (452600 ووٹ) نے سماجوادی پارٹی امیدوار امرناتھ سنگھ موریہ (448268 ووٹ) کو 4332 ووٹوں سے اور فرخ آباد سیٹ سے بی جے پی امیدوار مکیش راجپوت (487963 ووٹ) نے سماجوادی پارٹی امیدوار ڈاکٹر نول کشور شاکیہ (485285 ووٹ) کو 2678 ووٹوں سے شکست دی۔
دیگر ریاستوں کی بات کی جائے تو چھتیس گڑھ، اڈیشہ، راجستھان اور تلنگانہ کی ایک ایک لوک سبھا سیٹ پر بی جے پی کو 5 ہزار سے کم ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل ہوئی ہے۔ چھتیس گڑھ کی کانکیر لوک سبھا سیٹ پر بی جے پی کے بھوج راج ناگ (597624 ووٹ) نے کانگریس کے بیریش ٹھاکر (595740 ووٹ) کو 1884 ووٹوں سے، اڈیشہ کی جاجپور لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار ربیندر نارائن بہیرا (534239 ووٹ) نے بی جے ڈی امیدوار سرمشٹھا سیٹھی (532652 ووٹ) کو 1587 ووٹوں سے، راجستھان کی جئے پور دیہی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار راؤ راجندر سنگھ (617877 ووٹ) نے کانگریس امیدوار انل چوپڑا (616262 ووٹ) کو 1615 ووٹوں سے اور تلنگانہ کی محبوب نگر سیٹ سے بی جے پی امیدوار ارونا ڈی کے (510747 ووٹ) نے کانگریس امیدوار چلّا وامشی چاند ریڈی (506247 ووٹ) کو 4500 ووٹوں سے شکست دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔