شمال مشرقی ریاستوں میں ’ریمل طوفان‘ نے مچائی تباہی، 37 افراد ہلاک، اسکول بند رکھنے کا حکم

شمال مشرق میں ریمل نامی طوفان کی وجہ سے میزورم کی راجدھانی آئیزول میں پتھر کی کان منہدم ہو گئی، اس حادثے میں 14 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں

<div class="paragraphs"><p>یو این آئی</p></div>

یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

طوفان ریمل شمال مشرق میں تباہی مچا رہا ہے۔ طوفان کی وجہ سے شمال مشرق میں تقریباً 37 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ صرف میزورم میں طوفان کی وجہ سے 28 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جب کہ تقریباً 10 لوگ لاپتہ ہیں۔ میزورم کی رجدھانی آئیزول میں پتھر کی کان منہدم ہونے سے 14 افراد ہلاک ہو گئے۔ آسام میں ریمل طوفان کی وجہ سے چار لوگوں کی جان چلی گئی ہے، وہاں 18 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

میزورم حکومت نے ریمل طوفان کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 4 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ آج اسکول بند رکھنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ طوفان کی وجہ سے اروناچل پردیش اور آسام میں شدید بارش کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی امپھال میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ریمل طوفان کی وجہ سے آسام اور تریپورہ میں بجلی بند ہے اور انٹرنیٹ بھی بند ہے۔


آسام کے 9 اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، آسام کے تمام اضلاع میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش اور سیلاب کی وجہ سے ناگالینڈ میں ڈویانگ ڈیم آبی ذخائر میں ڈوب گیا ہے، میگھالیہ کے خاصی پہاڑی علاقے میں بھی شدید بارش ہو رہی ہے۔ میگھالیہ کے ساگارو ہلز علاقے میں طوفانی طوفان سے 200 سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

خیال ر ہے کہ آسام میں سمندری طوفان ریمل کے پھیلنے سے ہونے والی تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے منگل کو زبردست نقصان پہنچایا، جس کی وجہ سے چار افراد کی موت اور 18 زخمی ہو گئے۔ کامروپ (میٹرو پولیٹن) ضلع کے ستگاؤں علاقے کے نوجیوتی نگر میں ایک مکان پر درخت گرنے سے 19 سالہ منٹو تعلق دار کی موت ہو گئی اور اس کا والد بھی زخمی ہو گیا۔ کامروپ ضلع میں ایک 60 سالہ خاتون پر درخت گر گیا جسے زخمی حالت میں گوہاٹی میڈیکل کالج کم ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔ خاتون کی شناخت لاونیا کماری کے نام سے ہوئی ہے۔


حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے گوہاٹی سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں درخت گرنے کا مسئلہ درپیش ہے۔ آسام کے نشیبی علاقوں میں بجلی کے کھمبے گرنے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے اور مختلف شہروں سے پانی جمع ہونے کی اطلاع ہے۔ متاثرہ اضلاع میں کامروپ (میٹرو)، دھوبری، گولپارہ، کامروپ، موریگاؤں، ناگاؤں، سونیت پور اور دیما ہساو شامل ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے طوفان کے اثر کے طور پر ریاست بھر میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔