مودی 4 جون کو رخصت ہو رہے ہیں اور ہماری حکومت بن رہی ہے: لالو

لالو یادو نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی  اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ  ریزرویشن کے التزامات اور بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین پر حملہ کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خود کو ایشور کی جانب سے بھیجے جانے والے بیان پر آج کہا کہ وہ کوئی اوتار نہیں ہیں، 4 جون کو ان کی وداعی ہوگی اور مرکز میں انڈیا الائنس کی حکومت بنے گی۔

پاٹلی پترا پارلیمانی سیٹ سے آر جے ڈی امیدوار، اپنی بیٹی میسا بھارتی کے حق میں عوامی رابطہ مہم کے دوران منگل کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے لالو یادو نے کہا ’’وزیر اعظم مودی خود کو اوتار کہتے ہیں، وہ اوتار نہیں ہیں۔ وہ 4 جون کو رخصت ہو رہے ہیں اور ہماری حکومت بن رہی ہے۔‘‘


آر جے ڈی صدر نے آئین اور ریزرویشن کی حفاظت کے لیے سب کو متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ملک میں حالات بن رہے ہیں، لوگوں کو متحد اور بیدار ہوکر ووٹ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) ریزرویشن کی التزامات اور بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین پر حملہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئین اور ریزرویشن کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر ووٹ دیں۔

آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ ان کا اتحاد ایک مضبوط پیغام دے گا کہ انڈیا اتحاد کے لیڈڑ متحد ہیں اور ملک کو ترقی کی طرف لے جانے کے لئے تیار ہیں۔ بہار میں انڈیا اتحاد کی 100 فیصد جیت کا دعوی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار مرکز میں اقتدار کی تبدیلی ہوگی۔ عوام ایسی حکومت چاہتے ہیں جو ملک کے مفاد میں مضبوطی سے کام کرسکے۔


مہا گٹھ بندن حکومت میں تیجسوی یادو کی 17 ماہ کی مختصر مدت میں بہار کے نائب وزیر اعلی کے طور پر حاصل کردہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے لالو یادو نے کہا کہ ان کی کارکردگی سے سبھی خوش ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے گمراہی پھیلانے والے نعروں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی اور ان سے کہا کہ وہ ملک کی گنگا جمنی ثقافت (ہندو مسلم ہم آہنگی) کو مضبوط کریں۔

آر جے ڈی صدر نے اپنی عوامی رابطہ مہم کے دوران پھلواری شریف میں خانقاہ مجیبیہ کی امارت شرعیہ پہنچ کر پھلواری شریف سے وکرم تک ایک روڈ شو نکالا۔ انہوں نے روڈ شو کے دوران مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور انہیں انتخابات میں سماجی انصاف کی جیت کا یقین دلایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔