فڑنویس حکومت میں ناگپور ملک کے جرائم کی دارالحکوت تھی: دیشمکھ
مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے کہا کہ شیوسینا، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور کانگریس اتحاد کی ’مہا وکاس اگاڑی‘ حکومت نے ریاست کی دوسری دارالحکومت ناگپور کی شبیہ کو پھر سے قائم کیا ہے
سانگلی: مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے گزشتہ روز ریاست کے سابقہ دیویندر فڑنویس کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران ناگپور ملک کے جرائم کی دارالحکومت بن گیا تھا۔ سانگلی اور اس سے متصل کولہا پور ضلع میں کورونا وائرس (کووڈ- 19)کی حالت کا جائزہ لینے آئے انل دیشمکھ یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہے تھے۔
مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے کہا کہ شیوسینا، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور کانگریس اتحاد کی ’مہا وکاس اگاڑی‘ حکومت نے ریاست کی دوسری دارالحکومت ناگپور کی شبیہ کو پھر سے قائم کیا ہے، جسے پہلے نہ صرف مہاراشٹر بلکہ ملک کے جرائم کی دارالحکومت کے طور پر دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں دیویندر فڑنویس کے پاس وزارت داخلہ کی ذمہ داری بھی تھی اور ان کے دور میں ناگپور میں جرائم کا گراف کافی بڑھ گیا تھا۔
حال ہی میں ناگپور میں آنگن باڑی اہلکاروں پر حملے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ پتنجلی کے کورونل دوا کی تشہیر پر روک کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ کمپنی نے کھانسی اور بخار کی بیماری میں بیماریوں سے لڑنے والی دوا بنانے کے لئے لائسنس کے لئے درخواست دی تھی، لیکن اس دوا کو کورونا کی دوا کے طورپر پیش کیا گیا جبکہ اس کے لئے آیوش اور آئی سی ایم آر سے کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔