ہماچل میں کانگریس لوک سبھا کی کل 4 اور اسمبلی ضمنی الیکشن کی تمام 6 سیٹیں جیتے گی، وزیر اعلیٰ سکھو کا دعویٰ
ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں نہ صرف ان کی حکومت محفوظ ہے بلکہ کانگریس تمام سیٹوں پر کامیاب بھی ہوگی۔
ہماچل پردیش میں لوک سبھا اور اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ کی تاریخ قریب ہے۔ ریاست میں آخری یعنی ساتویں مرحلے میں ووٹنگ ہونے والی ہے۔ اس درمیان ریاست کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کانگریس ریاست میں لوک سبھا کی تمام 4 سیٹوں اور اسمبلی ضمنی الیکشن کی تمام 6 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔
وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے یہ دعویٰ نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے راجیہ سبھا انتخابات کے دوران بغاوت کرنے والے لیڈروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام ان لوگوں کو سبق سکھائیں گے جنہوں نے پیسوں کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماچل کے مستقبل کا فیصلہ کرنے والا انتخاب ہے۔ ہم تمام 10سیٹیں جیتیں گے اور میں اگلے ساڑھے تین سال تک ریاست کا وزیراعلیٰ رہوں گا۔
وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے کہا کہ بی جے پی کے ایماندار کارکنان بھی دکھی ہیں۔ کمل تھامنے والے لوگوں کو بی جے پی کارکنان پسند نہیں کریں گے۔ جو (باغی لیڈر) ہاتھ کے نہیں ہو سکے وہ بھلا کمل کا کیسے ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میری حکومت محفوظ ہے۔ ہمارے 34 ایم ایل اے ہیں، 2 الیکشن بھی لڑ رہے ہیں۔ اگر خطرہ ہوتا تو ہم ایم ایل ایز کو کیوں لڑاتے؟ دراصل بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ پارٹی ضمنی انتخابات میں تمام 6 سیٹیں جیت لے گی اور ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنے گی۔
وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے کہا کہ میرا فوکس ہماچل پر ہے۔ یہاں کی ہر صورت حال پر ہماری گہری نظر ہے۔ بی جے پی نے الیکشن کمیشن میں جا کر خواتین کو دی جانے والی رقم رکوا دی لیکن الیکشن کے بعد خواتین کو تمام بقایہ پیسہ ملے گا۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ہماچل پریش میں کانگریس کے چھ ایم ایل ایز نے بغاوت کی تھی اور بعد میں سبھی بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔ ان کی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہو رہی ہیں اور کانگریس کے تمام باغی ان سیٹوں پر بی جے پی کے امیدوار ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔