اخلاق لنچنگ معاملے سے متعلق ایک کیس میں سابق رکن اسمبلی سنگیت سوم قصوروار قرار، 800 روپے کا جرمانہ عائد
وکیل نعیم سیفی کا کہنا ہے کہ اے سی جے ایم کورٹ میں اس معاملے کی سماعت ہوئی اور کورٹ نے سنگیت سوم کو تعزیرات ہند کی دفعہ 188 میں قصوروار مانتے ہوئے 800 روپے کا جرمانہ لگایا ہے۔
سردھنا سے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی سنگیت سوم کو گوتم بدھ نگر اے سی جے ایم کورٹ نے سنگیت سوم کو اخلاق لنچنگ معاملے سے متعلق ایک کیس میں قصوروار قرار دیتے ہوئے 800 روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ معاملہ 2015 میں گوتم بدھ نگر ضلع کے بسہاڑا گاؤں میں اخلاق کے قتل کے بعد نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے جڑا ہوا ہے۔
دراصل 28 ستمبر 2015 کو بسہاڑا گاؤں میں ممنوعہ مویشی کو مارنے کی اطلاع پر خوب ہنگامہ ہوا تھا۔ اس دوران اخلاق کا قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ معاملہ کافی دنوں تک سرخیوں میں رہا تھا۔ اس واقعہ کے بعد بی جے پی لیڈر سنگیت سوم سمیت 30 لوگوں پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا الزام لگا تھا۔ ساتھ ہی سنگیت سوم پر اشتعال انگیز بیان دینے کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کر پنچایت کرنے کے معاملے پر اس وقت کے ضلع مجسٹریٹ نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے پولیس ایڈمنسٹریٹو افسران کو وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا تھا۔
بہرحال، وکیل نعیم سیفی کا کہنا ہے کہ اے سی جے ایم کورٹ میں اس معاملے کی سماعت ہوئی اور کورٹ نے سنگیت سوم کو تعزیرات ہند کی دفعہ 188 میں قصوروار مانتے ہوئے 800 روپے کا جرمانہ لگایا ہے۔ دیگر لوگوں کے سلسلے میں عدالت کے حکم کی کاپی ملنے کے بعد جانکاری مل پائے گی۔ فی الحال اخلاق کے قتل کا معاملہ گوتم بدھ نگر ضلع کورٹ میں زیر غور ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔