’میں آپ کی امید پر کھری اتروں، ایسی کوشش کروں گی‘، کانگریس میں شمولیت کے بعد عوام سے ونیش پھوگاٹ کا وعدہ
بجرنگ پونیا نے کہا کہ جب ونیش پھوگاٹ پیرس اولمپک کے فائنل میں گئی تب پورا ملک خوش تھا، لیکن اگلے دن جو حادثہ ہوا اس کے بعد ایک آئی ٹی سیل خوش تھی۔
مشہور پہلوان ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا نے کانگریس میں شامل ہونے کے بعد ملک اور عوام کی خدمت جی جان سے کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ خاص طور سے خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ نے کہا ہے کہ جس طرح سے انھوں نے کشتی میں اپنی پوری طاقت جھونک دی، اسی طرح عوام کی خدمت بھی دل و جان سے کریں گی۔ ونیش نے پریس کانفرنس کے دوران عوام سے وعدہ کیا کہ ’’میں آپ کی امیدوں پر کھری اتروں، ایسی کوشش کروں گی۔‘‘
ونیش پھوگاٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں کانگریس کا بہت بہت شکریہ ادا کرتی ہوں، کیونکہ برے وقت میں ہی پتہ چلتا ہے کہ اپنا کون ہے۔ جب ہمیں سڑک پر گھسیٹا جا رہا تھا تو بی جے پی کو چھوڑ کر آپ سبھی ہمارے ساتھ تھے۔ آپ ہمارے درد اور آنسوؤں کو سمجھ پا رہے تھے۔ مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایسی پارٹی اور ایسے نظریہ سے جڑی ہوں جو خواتین پر ہو رہے مظالم، ناانصافی کے خلاف کھڑی ہے اور سڑک سے پارلیمنٹ تک ان کے حق کی لڑائی لڑنے کو تیار ہے۔‘‘
اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ ’’ہم ہر اس خاتون کے ساتھ کھڑے ہیں جو خود کو مجبور و بے بس سمجھتی ہے۔ جب ہم احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے تو بی جے پی کو چھوڑ کر ہر پارٹی نے ہمارا ساتھ دیا۔ آج سے میں ایک نئی پاری کی شروعات کر رہی ہوں۔ ساتھ ہی جو لڑائی ہم لڑ رہے ہیں، وہ جاری رہے گی، ہم وہ لڑائی بھی جیتیں گے۔ ہم ڈریں گے نہیں اور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘
بجرنگ پونیا نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کو اپنے لیے بہت خاص قرار دیا۔ انھوں نے بی جے پی اور اس کی آئی ٹی سیل کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کی آئی ٹی سیل آج کہہ رہی ہے کہ ہمارا مقصد تو سیاست کرنا تھا، لیکن جب ہم سڑک پر مظاہرہ کر رہے تھے تب بی جے پی کو چھوڑ کر باقی سبھی پارٹیاں ہمارے ساتھ تھیں۔‘‘ بجرنگ پونیا نے مزید کہا کہ ’’ہم کانگریس پارٹی اور ملک کو مضبوط کریں گے۔ گراؤنڈ پر رہ کر کام کریں گے۔ جب ونیش فائنل (پیرس اولمپک) میں گئی تب پورا ملک خوش تھا، لیکن اگلے دن جو حادثہ ہوا اس کے بعد ایک آئی ٹیل سیل خوش دکھائی دے رہی تھی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔