ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کانگریس میں شامل، ہریانہ اسمبلی انتخاب میں قسمت آزمائی کا فیصلہ!
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا سے ملاقات کے بعد ’ایکس‘ ہینڈل پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’چک دے انڈیا، چک دے ہریانہ!‘‘
عالمی شہرت یافتہ خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ اور ان کے ساتھی مرد پہلوان بجرنگ پونیا نے کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ہریانہ اسمبلی انتخاب سے عین قبل ان دونوں کھلاڑیوں کی کانگریس میں شمولیت بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ ونیش پھوگاٹ ہریانہ اسمبلی انتخاب میں قسمت آزمائی بھی کریں گی، جبکہ بجرنگ پونیا نے پہلے ہی عوام کی خدمت کرنے کا جذبہ ظاہر کیا ہے۔
آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے دونوں کھلاڑیوں کو پارٹی میں شامل کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’آج کانگریس کے لیے بڑا دن ہے۔ دونوں ساتھیوں بجرنگ پونیا اور ونیش پھوگاٹ نے ملک کا دل جیتا ہے۔ دل جیتنے والے ساتھیوں کا استقبال ہے۔‘‘ پریس کانفرنس سے ونیش پھوگاٹ نے بھی خطاب کیا اور پارٹی میں شامل کرنے کے لیے کانگریس کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انھوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’برے وقت میں پتہ چلتا ہے کہ اپنا کون ہے۔ کانگریس نے ہر قدم پر ساتھ دیا اور حوصلہ بڑھایا، اس کے لیے میں پارٹی کی شکرگزار ہوں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز باضابطہ طور پر کانگریس میں شمولیت سے قبل ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش پر پہنچے تھے۔ وہاں کے سی وینوگوپال بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں باضابطہ طور پر ونیش اور پونیا کی کانگریس میں شمولیت کا کے سی وینوگوپال نے اعلان کیا۔ اس سے یہ ظاہر ہو گیا کہ اب ونیش اور بجرنگ کشتی کے اکھاڑے سے سیاست کے اکھاڑے میں قدم رکھ چکے ہیں۔
آج ونیش اور پونیا سے ہوئی ملاقات کے بعد کانگریس صدر کھڑگے نے ایک تصویر اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی تھی۔ اس تصویر میں کھڑگے کے ساتھ ونیش، پونیا اور وینوگوپال بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ تصویر کے ساتھ کانگریس صدر نے لکھا ہے کہ ’’چک دے انڈیا، چک دے ہریانہ! دنیا میں ہندوستان کا نام روشن کرنے والے ہمارے باصلاحیت چمپئن کھلاڑی ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا سے 10 راجہ جی مارگ پر ملاقات ہوئی۔ ہمیں آپ دونوں پر فخر ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا نے کانگریس میں شامل ہونے سے قبل ریلوے کی اپنی ملازمت سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ انھوں نے خود اس سلسلے میں جانکاری دی۔ ونیش پھوگاٹ نے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ریلوے کی خدمت زندگی کے سب سے یادگار اور فخر آمیز لمحات میں سے ایک ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔