حیدرآباد: سڑک حادثہ میں ہندوستانی فضائیہ کا عہدیدار ہلاک اور خاتون سافٹ ویئر انجینئر شدید زخمی
پولیس نے کہا کہ کمار اور ایشا چائے پینے کے لیے گچی باولی جا رہے تھے۔ ایشا کی بہن سنجنا بھٹ کی شکایت پر پولیس نے معاملہ درج کرکے جانچ شروع کر دی۔
حیدرآباد: حیدرآباد میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں بہار سے تعلق رکھنے والا ہندوستانی فضائیہ کا عہدیدار ہلاک اور دہلی کی اس کی ساتھی سافٹ ویئر انجینئر شدید زخمی ہوگئی۔ یہ حادثہ کل شب حیدرآباد کے نواح میں واقع نارسنگی کے ”مائی ہوم اوتار“ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ان کی بائیک چوراہے کے قریب حال ہی میں تعمیر شدہ گول دائرہ سے ٹکرا گئی۔
اس حادثہ میں مرنے والے کی شناخت حیدرآباد کے بیگم پیٹ میں واقع ایرفورس اسٹیشن میں کام کرنے والے عہدیدار 25 سالہ وکی کمار کے طور پر کی گئی ہے، جس کا تعلق بہار سے ہے، جبکہ زخمی سافٹ ویئر انجینئر کا تعلق قومی دارالحکومت دہلی سے ہے۔ اس کی شناخت 25 سالہ ایشا کے طور پر کی گئی ہے اور وہ حیدرآباد کے گنڈی پیٹ علاقہ کی ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں سافٹ ویئرانجینئر کے طور پر کام کر رہی تھی۔ یہ دونوں بائیک پر جارہے تھے جبکہ ان کا مشترکہ دوست اسکوٹر پر ان کے پیچھے آرہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔
پولیس نے کہا کہ کمار اور ایشا چائے پینے کے لیے گچی باولی جا رہے تھے۔ ایشا کی بہن سنجنا بھٹ کی شکایت پر پولیس نے معاملہ درج کرکے جانچ شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق کل شب تقریباً چار بجے یہ دونوں گنڈی پیٹ سے چائے پینے کے لئے گچی باولی جا رہے تھے۔ جب ان کی بائیک ’مائی ہوم اوتار‘ کے قریب پہنچی تو وکی نے اس کا توازن کھو دیا اور یہ بائیک چوراہے پرتعمیر شدہ گول دائرہ سے ٹکرا گئی۔ راہگیروں نے پولیس اور ایمبولنس کو اس بات کی اطلاع دی جس کے بعد ان کو گچی باولی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں وکی کو بہتر علاج کے لئے دوسرے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستہ میں ہی اس کی موت ہو گئی، ایشا زیر علاج ہے۔ پولیس نے کہا کہ ان دونوں کے سر پر زخم آئے تھے۔ سنجنا بھٹ کو کل شب تقریباً 4.30 بجے اس حادثہ کا علم ہوا، جب اس نے ایشا کو فون کیا۔ تاہم راہگیر نے اس کے فون کو اٹھا کر حادثہ کی اطلاع دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔