ممتا بنرجی کے پیر، کندھے اور گردن پر چوٹ، 2 دنوں کے لیے اسپتال میں رہیں گی، واقعہ کی تفتیش جاری

مغربی بنگال کے نندی گرام میں انتخابی تشہیر کے دوران زخمی ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو علاج کے لیے کولکاتا کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، ان کے پیر، کندھے اور گردن پر چوٹ آئی ہے

اسپتال میں داخل ممتا بنرجی / بشکریہ ٹوئٹر
اسپتال میں داخل ممتا بنرجی / بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

کولکاتا: مغربی بنگال کے نندی گرام میں انتخابی تشہیر کے دوران زخمی ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو علاج کے لیے کولکاتا کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی ٹی ایم سی کا الزام ہے کہ ان پر حملہ کیا گیا ہے، انہیں دھکا دیا گیا اور پھر جبراً دروازہ بند کرنے کی کوشش کی گئی۔ ممتا بنرجی نندی گرام میں رواں ماہ ہونے والے انتخابات کے پیش نظر کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لیے پہنچی تھیں۔

اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی کے پیر، کندھے اور گردن پر چوٹ آئی ہے اور انہیں درد کی دوا دی گئی ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی سے ایک ڈاکٹر نے کہا، ’’ابتدائی معائنہ میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کی بائیں ایڑی اور پیر کی ہڈیوں میں چوٹ آئی ہے اور دائیں کندھے، بازو اور گردن پر چوٹ آئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سینے میں درد اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت بھی کی ہے۔ انہیں 48 گھنٹوں کے لیے نگرانی میں رکھا گیا ہے۔‘‘


دریں اثنا، ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ممتا کے بائیں پیر پر پلاستر نظر آ رہا ہے۔ ابھیشیک بنرجی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’بی جے پی دو مئی، اتوار کو بنگال کے لوگوں کی طاقت کا احساس کرنے کے لیے تیار ہو جاؤ۔‘‘ بی جے پی نے کچھ مہینے میں یہاں جارحانہ طریقہ سے اپنی تشہیر کاری کو تیز کیا ہے۔

ٹی ایم سی نے ممتا بنرجی پر مبینہ حملہ کے حوالہ سے انتخابی کمیشن میں شکایت کی ہے۔ وہیں انتخابی کمیشن نے مغربی بنگال کے چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) سے اس واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔ سی ای او نے متعلقہ ضلع الیکشن افسر سے فوری معاملہ کی تفتیش کر کے رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔

وہیں، بی جے پی نے اس واقعہ کو ممتا بنرجی کا ڈرامہ قرار دیا ہے۔ بی جے پی نے اسے ممتا بنرجی کی مایوسی قرار دیتے ہویے معاملہ کی جانچ سی بی آئی سے کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔