کھٹر حکومت تحریک عدم اعتماد سے ضرور بچ گئی، لیکن عوام کی نظر میں گر گئی: بھوپندر سنگھ ہڈا
بھوپیندر ہڈا نے کہا کہ اگرچہ ایوان میں کانگریس کے ارکان کی تعداد کم ہے، تاہم ہم کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے اور اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھایا۔
چنڈی گڑھ: ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت حزب اختلاف کی جانب سے لائی گئی عدم اعتماد کی تحریک سے بھلے ہی بچ گئی ہو لیکن وہ لوگوں کی نظر میں گر گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ہریانہ اسمبلی میں میں بی جے پی - جے جے پی مخلوط حکومت کے خلاف کانگریس کی جانب سے لائی گئی تحریک عدم اعتماد ووٹنگ کے بعد ناکام ہو گئی تھی۔
بھوپندر سنگھ ہڈا نے صحافیوں سے کہا، ’’جن نائک جنتا پارٹی (جے جے پی) اور (سات میں سے پانچ) آزاد ارکان اسمبلی، جو حکومت کے حامی ہیں، ان کے پاس کسانوں کے لیے ووٹ کرنے اور عوامی نمائندگان کا فرض ادا کرنے کا پورا موقع تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایوان میں کانگریس کے ارکان کی تعداد کم ہے، تاہم ہم کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے اور اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھایا۔
اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا، ’’ہم نے اس حکومت کے خلاف ووٹ دیا، جس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کرایا، آنسو گیس کے گولے داغے، کڑاکے کی سردی میں ان پر پانی کی بوچھاڑ کرائی اور انہیں فرضی مقدمات میں پھنسایا۔ حکومت نے خواہ تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنا دیا ہو، لیکن وہ عوام کی نظروں میں گر گئی ہے۔‘‘ کانگریس کی عدم اعتماد کی تحریک کے خلاف اسمبلی میں 55 ووٹ پڑے، جبکہ حق میں 32 ووٹ ہی ڈالے گئے۔
واضح رہے کہ ہریانہ میں بی جے پی - جے جے پی حکومت نے اسمبلی میں بدھ کے روز آسانی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔ اہم حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کی جانب سے لائی گئی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنا کر حکومت نے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ تحریک پر 6 گھنٹے تک چلی بحث کے بعد آخر میں اسمبلی اسپیکر گیان چند گپتا نے ایوان میں اعلان کیا کہ عدم اعتماد کی تحریک کے خلاف 55 اور حق میں 32 ووٹ ڈالے گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔