’مودی دور میں انسانوں کو بندر بنا دیا گیا‘، شیوسینا کا ’سامنا‘ کے ذریعے مرکز پر سخت حملہ

شیوسینا-یو بی ٹی نے اپنے ترجمان اخبار ’سامنا‘ میں لکھا ہے کہ پی ایم مودی کا جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ جمہوریت کو قدموں تلے روندتے ہوئے انہوں نے انتخابات کو ’ہائی جیک‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>’سامنا‘ کا اداریہ /&nbsp;saamana.com</p></div>

’سامنا‘ کا اداریہ /saamana.com

user

قومی آوازبیورو

شیو سینا- یو بی ٹی نے اپنے ترجمان اخبار ’سامنا‘ کے ذریعے مرکزی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ شیوسینا نے الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کو مرکزی حکومت نے ہائی جیک کر لیا ہے۔

اخبار نے اپنے اداریے میں سورت اور اندور میں بی جے پی امیدواروں کی بلامقابلہ جیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بی جے پی نے انتخابات کو ہیک کرنے کا فارمولا ڈھونڈ لیا ہے۔ اداریے میں یہ بھی لکھا ہے کہ کانگریس کو تباہ کرنے کا دعویٰ کرنے والے مودی اور امت شاہ کانگریس سے خوفزدہ ہیں۔


اداریے میں شیو سینا نے کہا ہے کہ بی جے پی نے سورت میں لوک سبھا انتخابات میں بلامقابلہ کامیابی حاصل کی۔ کانگریس امیدوار کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ باقی امیدواروں کو دستبردار ہونے پر مجبور کیا گیا اور ضلع کلکٹر نے بی جے پی امیدوار کو فاتح قرار دے دیا۔ اداریے میں مزید کہا  گیا ہے کہ سورت جیسا معاملہ مدھیہ پردیش کے اندور میں دہرایا گیا۔ کانگریس امیدوار پر دباؤ ڈال کر اس کو اپنی نامزدگی واپس لینے پر مجبور کیا گیا۔ بی جے پی لیڈر کھلے عام فخر کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ مستقبل میں اور بھی بہت سے حلقوں میں ایسا ہی ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بی جے پی انتخابات میں ووٹ ڈالے بغیر انتخابات پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔

روزنامہ ’سامنا‘ نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو معطل کرنے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ حکومت ایک ہی بار میں اپوزیشن کے 150 اراکین پارلیمنٹ کو معطل کر کے کسی بھی سطح پر جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کو وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے ناشائستہ زبان کا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ امیت شاہ بھی مسلسل ناشائستہ زبان کا استعمال کر رہے ہیں۔


شیو سینا نے لکھا ہے کہ مودی نے اپنے صنعتکار دوستوں کے قرض معاف کر دیے لیکن کسانوں کے لیے کم از کم امدادی قیمت تک طے نہیں کر سکے۔ اداریے میں پی ایم مودی اور پنڈت نہرو کا موازنہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ نہرو کا دور شخصیت اور پالیسیوں سے متاثر تھا۔ نہرو نے بندروں کو انسان بنایا۔ مودی دور میں انہی لوگوں کو دوبارہ بندر بنا کر ملک کو پتھر کے دور میں لے جایا گیا۔ اداریے میں پی ایم مودی پر ہندوستان کو بنیاد پرستی کی طرف لے جانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ شیو سینا نے لکھا ہے کہ سائنس اور جدیدیت کے راستے پر چلنے والے ہندوستان کو پی ایم مودی غلط راستے پر لے جا رہے ہیں۔

شیوسینا نے آسٹر زینیکا کے تازہ ترین اعتراف پر بھی پی ایم مودی پر حملہ کیا ہے۔ اداریے میں کہا گیا ہے کہ مودی نے ویکسین سرٹیفکیٹ پر اپنی تصویر چھاپ کر مہم چلائی لیکن اب اس انکشاف کے بعد ان کی تصویر ویکسین سرٹیفکیٹ سے غائب ہے۔ اس ادریے کے ذریعے شیوسینا نے مہنگائی کے معاملے پر بھی پی ایم کو گھیرا ہے۔ اسی کے ساتھ کرناٹک کے پرجول ریونا جنسی اسکینڈل کو لے کر بی جے پی پر بھی حملہ کیا ہے۔ اداریے میں لکھا گیا ہے کہ اب ووٹروں کو فیصلہ کرنا ہے کہ جمہوریت میں انتخابات کو ’ہائی جیک‘ کرنے والوں کے ہاتھوں میں ملک رہنا چاہیے یا نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔