ہندو تشدد نہیں پھیلا سکتا، ہندو نفرت نہیں پھیلا سکتا، نریندر مودی 10 سالوں سے ’خوف کا راج‘ چلا رہے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی 10 سالوں سے خوف کا راج چلا رہے ہیں، سبھی ایجنسیوں، اداروں اور میڈیا پر قبضہ کر سماج کے ہر طبقہ میں بی جے پی نے صرف ڈر پھیلانے کا کام کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

راہل گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تجویز پیش کرتے ہوئے پی ایم مودی اور بی جے پی کو شدید الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے ایوان میں صاف لفظوں میں کہہ دیا کہ ’’نریندر مودی جی پورا ہندو سماج نہیں ہیں، بی جے پی پورا ہندو سماج نہیں ہے، آر ایس ایس پورا ہندو سماج نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہندو ڈر نہیں پھیلا سکتا، ہندو تشدد نہیں پھیلا سکتا، ہندو نفرت نہیں پھیلا سکتا، جبکہ بی جے پی 24 گھنٹے نفرت، تشدد پھیلانے کا کام کرتی ہے۔‘‘ اس بیان کو لے کر برسراقتدار طبقہ کے اراکین نے اعتراض بھی ظاہر کیا، لیکن راہل گاندھی بے باکی کے ساتھ اپنی بات رکھی۔

لوک سبھا میں اپنی تقریر کا کچھ حصہ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر بھی کیا ہے۔ اپنی تقریر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’نریندر مودی 10 سالوں سے ’خوف کا راج‘ چلا رہے ہیں۔ سبھی ایجنسیوں، اداروں اور میڈیا پر قبضہ کر سماج کے ہر طبقہ میں بی جے پی نے صرف خوف پھیلانے کا کام کیا ہے۔‘‘


اس پوسٹ میں راہل گاندھی نے خوف پھیلانے کی کچھ مثالیں بھی پیش کی ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’کسانوں کو سیاہ قوانین کا خوف، طلبا کو پیپر لیک کا خوف، نوجوانوں کو بے روزگاری کا خوف، چھوٹے تاجروں کو غلط جی ایس ٹی، نوٹ بندی اور چھاپہ ماری کا خوف، محب وطن افراد کو اگنی ویر جیسے منصوبوں کا خوف، منی پور کے لوگوں کو سول وار (جنگ) کا خوف۔ اس لیے ملک کی عوام نے ’خوف کے پیکیج‘ کے خلاف مینڈیٹ دے کر بی جے پی سے اکثریت چھین لی ہے۔‘‘

راہل گاندھی مزید لکھتے ہیں کہ ’’ڈرنا ڈرانا، خوف پھیلانا ہندوستان کی روح کے خلاف ہے۔ ہمارے سبھی مذاہب بھی یہی سکھاتے ہیں ’ڈرو مت، ڈراؤ مت‘۔ قائد حزب اختلاف کی شکل میں میری ذمہ داری ہے کہ میں اپنی ذاتی خواہشات اور نظریات سے پہلے انڈیا کی مشترکہ آواز کو ایوان کے سامنے رکھوں۔ اور حکومت سے ہماری یہی امید ہے کہ وہ اپوزیشن کو دشمن نہیں، معاون مان کر ملک کے مفاد میں سب کو ساتھ لے کر کام کرے۔‘‘


ایک دیگر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے نریندر مودی، بی جے پی اور آر ایس ایس پر زوردار انداز میں حملہ کیا ہے۔ انھوں نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’ہندوستان خوف کا ملک نہیں ہے۔ ہمارے سبھی عظیم قائدین نے عدم تشدد کی بات کی، خوف مٹانے کی بات کی۔ نریندر مودی، بی جے پی اور آر ایس ایس پورا ہندو سماج نہیں ہیں... جو تشدد اور نفرت پھیلاتا ہے، وہ ہندو ہو ہی نہیں سکتا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔