وکلاء سے اضافی ملاقات سے متعلق کیجریوال کی درخواست پر ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ

وزیر اعلیٰ کیجریوال کی جانب سے ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف 35 مقدمات زیر التوا ہیں۔ انہیں وکلاء سے بات کرنے کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اضافی ملاقات کی ضرورت ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اروند کیجریوال / آئی اے این ایس</p></div>

اروند کیجریوال / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

تہاڑ جیل میں بند دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی وکلاء سے اضافی ملاقات سے متعلق درخواست پر ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ کیجریوال نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دیتے ہوئے یہ مطالبہ کیا تھا کہ انہیں وکلاء سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ملاقات کا اضافی وقت دیا جائے۔ اس پر عدالت میں سماعت ہوئی اور دونوں فریق کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کیجریوال کی جانب سے داخل کی گئی اس درخواست کی ای ڈی نے مخالفت کی۔ ای ڈی کی جانب سے پیش ہوئے خصوصی وکیل زوہیب حسین نے وزیر اعلیٰ کیجریوال کے اس مطالبے کی مخالفت کی اور کہا کہ اس درخواست کا کوئی مطلب نہیں ہے کیونکہ سپریم کورٹ پہلے ہی وزیر اعلیٰ کیجریوال کو ضمانت دے چکا ہے۔ ’لائیو لاء‘ کی رپورٹ کے مطابق زوہیب حسین نے کہا کہ جب جیل میں عام لوگوں کو ہفتے میں صرف دو بار وکلاء سے ملنے کی اجازت ہوتی ہے تو وزیر اعلی کیجریوال کے ساتھ مختلف سلوک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال نے یہ ثابت کرنے کے لیے کوئی حقائق پیش نہیں کیے ہیں کہ وکلاء سے دو قانونی ملاقاتیں ان کے لیے ناکافی ہیں۔


واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال کی جانب سے ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف 35 مقدمات زیر التوا ہیں۔ ان مقدمات پر وکلاء سے بات کرنے کے لیے انہیں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اضافی ملاقات کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہی مطالبہ اس سے قبل نچلی عدالت سے بھی کیا تھا، مگر نچلی عدالت نے ان کے مطالبے کو خارج کر دیا تھا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ کیجریوال نے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی۔

وزیر اعلیٰ کیجریوال کی اس درخواست کی تہاڑ جیل حکام کے وکیل نے بھی مخالفت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ جیل قوانین کے مطابق انہیں صرف دو بار وکلاء سے ملنے کی اجازت ہے۔ دوسری جانب کیجریوال کے وکیل رمیش گپتا نے کہا ہے کہ خصوصی حالات کے پیش نظر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دو اضافی ملاقاتوں کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ رمیش گپتا نے کہا کہ چونکہ وزیر اعلیٰ کیجریوال ابھی بھی سی بی آئی کی عدالتی تحویل میں ہیں، اس لیے دو اضافی ملاقاتوں کی درخواست کو غیر ضروری نہیں کہا جاسکتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔