یوپی میں گرمی نگل رہی ہے زندگیاں، اب تک 166 لوگوں کی موت، لکھنؤ میں ٹوٹا 29 سال کا ریکارڈ

ریاست کے لوگوں کے لیے صرف گرمی ہی مصیبت نہیں ہے، بلکہ بجلی نے بھی کافی پریشان کر رکھا ہے۔ لکھنؤ کے کئی علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی کی کٹوتی کی وجہ سے لوگوں کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p> شدید گرمی علامتی تصویر/ آئی این ایس</p></div>

شدید گرمی علامتی تصویر/ آئی این ایس

user

قومی آواز بیورو

شمالی ہندوستان میں گرمی نے تباہی مچا رکھی ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے درجہ حرارت ہر روز ایک نیا ریکارڈ بنا رہا ہے۔ ریاست میں جمعرات (30 مئی)  تک محض گرمی کی وجہ سے 166 افراد کی جان چلی گئی ہے جبکہ ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے لوگوں کی اچانک موتیں ہونے لگی ہیں۔ صورت حال اس قدر تشویشناک ہو گئی ہے کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ کو اس پر جائزہ میٹنگ کرنی پڑی ہے۔

گرمی کے یومیہ نئے ریکارڈ میں جمعرات کو بلند شہر 48 ڈگری کے ساتھ اتر پردیش کا سب سے گرم ضلع رہا، جب کہ الہ آباد (پریاگ راج) میں درجہ حرارت 47.7 ڈگری، جھانسی میں 47.4 ڈگری، کانپور میں 46.8 ڈگری، اورئی میں 46.4 ڈگری،آگرہ میں 46 ڈگری، ہردوئی میں 45.5 ڈگری، بہرائچ میں 45.4 ڈگری، ہمیر پور میں 45.02 ڈگری اور بریلی و لکھنؤ میں 45 ڈگری درجۂ حرارت رہا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لکھنؤ میں مئی میں 29 سال بعد پارہ 45 ڈگری کو پار کر گیا ہے۔ 30 مئی 1995 کو درجہ حرارت 45.9 ڈگری تھا اور کل 30 مئی کو درجہ حرارت 45.1 ڈگری تھا۔


ریاست کے لوگوں کے لیے صرف گرمی ہی مصیبت نہیں ہے، بلکہ بجلی نے بھی لوگوں کو کافی پریشان کر رکھا ہے۔ لکھنؤ کے کئی علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی کی کٹوتی کی وجہ سے لوگوں کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ راجا جی پورم علاقہ میں مختلف سب اسٹیشنوں پر لوگوں نے دو بار توڑ پھوڑ تک کی ہے جبکہ مختلف جگہوں پر لوگ لوگ بجلی کٹوتی کی وجہ سے پریشان ہو کر ہنگامہ بھی کر رہے ہیں۔

خبروں کے مطابق گرمی کے باعث کئی مقامات پر اچانک اموات بھی دیکھنے میں آرہی ہیں۔ بندیل کھنڈ اور وسطی یوپی میں گرمی کی لہر(لو) سے 47 لوگوں کی موت کی خبر ہے۔ وارانسی اور آس پاس کے اضلاع میں 72، الہ آباد (پریاگ راج) میں 11، کوشامبی میں 9، پرتاپ گڑھ میں ایک، گورکھپور میں 4، امبیڈکر نگر میں 4، شراوستی اور گونڈا میں 1-1،  جھانسی میں 6، غازی آباد میں 5، رام پور میں 1، لکھیم پور کھیری میں1، پیلی بھیت میں 1 اور شاہجہاں پور میں 1 شخص کی موت کی خبر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔