ہریانہ: گئو اسمگلنگ کے شبہ میں طالب علم آرین مشرا کا تعاقب، گولی مار کر قتل، 5 گئو رکشک گرفتار
فرید آباد میں 23 اگست کی شب گئو اسمبگلنگ کے شبہ میں 12ویں جماعت کے طالب علم کا قتل کرنے والے 5 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزم گئو رکشکوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے
فرید آباد: دہلی آگرہ قومی شاہراہ پر واقع گدپوری کے قریب طالب علم آرین مشرا کے قتل کیس میں پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ان کی شناخت انیل کوشک، ورون، کرشنا، سورو اور آدیش کے طور پر ہوئی ہے۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق یہ تمام گئو رکشک گروپ کے ارکان ہیں، جنہوں نے گئو اسمگلر سمجھ کر آرین اور کار میں بیٹھے اس کے مالک مکان کا ہائی وے پر تقریباً 20 کلومیٹر تک تعاقب کیا اور گولی مار دی۔ پولیس اس معاملے میں مزید تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ 23 اگست کی رات ملزم گئو رکشکوں کو شبہ تھا کہ ڈسٹر اور فارچیونر کاروں میں گئو اسمگلر گھوم رہے ہیں۔ چنانچہ گئو رکھشکوں نے کار کا تعاقب کرنا شروع کیا اور بعد میں فائرنگ کر دی۔ ہائی وے کے گدپوری ٹول پر گئی فائرنگ کے نتیجہ میں کار کا پچھلا شیشہ ٹوٹ گیا اور گولی ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھے آرین مشرا کی گردن پر جا لگی۔
اس کے بعد کار ڈرائیور ہرشیت نے کار روک دی۔ ملزمان نے دوسری گولی آرین کے سینے پر ماری۔ اس کے بعد ملزمان نے دیکھا کہ گاڑی میں لڑکوں کے ساتھ دو خواتین بھی ہیں، تو انہیں احساس ہوا کہ غلط فہمی میں کسی اور کو گولی مار دی، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے دوسرے دن 24 اگست کو آرین کی ایک نجی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔
اس معاملے میں متوفی آرین کے والد نے پولیس کو تحریری شکایت بھی دی تھی۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کرائم برانچ نے معاملے کی جانچ شروع کر دی۔ کرائم برانچ نے سی سی ٹی وی کی تلاشی لی تو ملزمان کی شناخت کر لی گئی، جس کے بعد انہیں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے اس معاملہ میں مجموعی طور پر 5 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
خیال رہے کہ 19 سالہ آرین مشرا 12ویں جماعت کا طالب علم تھا۔ وہ اپنے خاندان کے ساتھ این آئی ٹی پانچ نمبر میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا۔ 23 اگست کو تقریباً 9:30 بجے، آرین اپنے مالک مکان شویتا گلاٹی، اس کے بیٹوں ہرشیت، شینکی اور ایک پڑوسی عورت کے ساتھ بڑکھل میٹرو کے قریب مال میں میگی کھانے گئے تھے۔ میگی کھانے کے بعد وہ تقریباً ساڑھے 11 بجے گھر لوٹ رہے تھے۔ اس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔