گجرات اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی کو لگا جھٹکا، 32 سال پارٹی کی خدمت کرنے والے جئے نارائن کانگریس میں شامل
75 سالہ جئے نارائن ویاس نے اس ماہ کے شروع میں برسراقتدار بی جے پی سے استعفیٰ دے دیا تھا، گجرات میں بی جے پی کے سینئر لیڈروں میں شمار جئے نارائن نے 32 سال تک بی جے پی میں رہے۔
گجرات اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی کو مزید ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ریاست کے سابق وزیر اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈروں میں شامل جئے نارائن ویاس نے کانگریس کا دامن تھام لیا ہے۔ جئے نارائن نے کانگریس سربراہ ملکارجن کھڑگے کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اس دوران راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور گجرات کانگریس کے دیگر سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ 75 سالہ جئے نارائن ویاس نے اس ماہ کے شروع میں برسراقتدار بی جے پی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ وہ 32 سال تک بی جے پی کی خدمت کرتے رہے اور 2017 میں جب انھیں پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا، اس وقت سے ہی ناراض چل رہے تھے۔ انھیں امید تھی کہ پارٹی اس بار انھیں انتخابی میدان میں اتارے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ آخر کار اس ماہ کے شروع میں 5 نومبر کو جئے نارائن ویاس نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
گجرات کی مودی حکومت میں وزیر صحت رہے چکے ویاس نے پارٹی چھوڑتے وقت یہ پیغام دیا تھا کہ کارکنان چاہیں گے کہ وہ اُس پارٹی کا دامن تھام لیں گے، اور اب وہ کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گجرات میں 182 اسمبلی نشستوں کے لیے دو مراحل میں یکم دسمبر اور 5 دسمبر کو ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی ہماچل پردیش کے ساتھ ہی 8 دسمبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے 3 نومبر کو پریس کانفرنس کر ان تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔