غم میں ڈوبا چھتیس گڑھ، ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ اجیت جوگی کا انتقال
اجیت جوگی کو گزشتہ 9مئی کو املی کھاتے وقت سانس کی نلی میں بیج پھنس جانے کے باعث دل کا دورہ پڑنے کے بعد راجدھانی رائے پور واقع نارائن اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔اسی وقت سے وہ کوما میں تھے۔
چھتیس گڑھ کے پہلے وزیر اعلیٰ اور جنتا کانگریس کے سربراہ اجیت جوگی کا آج طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ وہ 74 سال کے تھے اور ان کے انتقال کی خبر بیٹے امت جوگی نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے دی۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے والد کے انتقال کی غم انگیز خبر دیتے ہوئے لکھا کہ”20 سالہ نوجوان چھتیس گڑھ ریاست کے سر سے آج اس کے والد کا سایہ اٹھ گیا۔ صرف میں نے ہی نہیں بلکہ چھتیس گڑھ نے لیڈر نہیں، اپنا والد کھویا ہے۔“
دراصل اجیت جوگی کو گزشتہ 9مئی کو املی کھاتے وقت سانس کی نلی میں بیج پھنس جانے کے باعث دل کا دورہ پڑنے کے بعد راجدھانی رائے پور واقع نارائن اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسی وقت سے وہ کوما میں تھے۔ ان کے غیرفعال دماغ کو سرگرم کرنے کے لئے ڈاکٹر مسلسل کوشش کر رہے تھے، لیکن 27مئی کی شب میں انہیں دوبارہ دل کا دورہ پڑا۔ ڈاکٹروں نے انتھک کوشش کی اور انہیں کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی پی آئی) دیا جس سے ان کے دل کی دھڑکن واپس آگئیں۔ لیکن اس کے بعد ان کی حالت بہت نازک ہوگئی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 48 گھنٹے کے اندر اجیت جوگی کو آج تیسرا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے اور ان کا انتقال ہوگیا۔ اجیت جوگی مرواہی سیٹ سے چھتیس گڑھ اسمبلی کے ممبر تھے۔ پسماندگان میں ان کی اہلیہ ڈاکٹر رینو، بیٹا امت جوگی اور بہو ودھو ایشوریا جوگی ہیں۔ ان کی اہلیہ ڈاکٹر جوگی بھی کوٹہ سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔ اجیت جوگی کے بیٹے امت جوگی نے ٹوئٹ کر کے ان کے انتقال کی اطلاع دی اور بتایا کہ ان کی آخری رسومات ان کی آبائی سرزمین گوریلا میں کل ہوگی۔
اجیت جوگی کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی چھتیس گڑھ میں غم کا ماحول پھیل گیا اور ان کے چاہنے والوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ مختلف سرکردہ سیاسی ہستیوں کی جانب سے بھی ان کے انتقال پر اظہار غم کیا گیا۔ چھتیس گڑھ کے موجودہ وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اجیت جوگی کے انتقال پر اظہار غم کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”چھتیس گڑھ کے پہلے وزیر اعلیٰ اجیت جوگی کا انتقال چھتیس گڑھ ریاست کے لیے ایک بڑا خسارہ ہے۔ ہم سبھی ریاست کے باشندوں کی یادوں میں وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔“
یہ بھی پڑھیں : کورونا سے کیمرہ مین کے انتقال کے بعد ’دوردرشن‘ کا دفتر سیل
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بھی اجیت جوگی کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ وہ اجیت جوگی کی موت سے غمزدہ ہیں۔ شیوراج چوہان نے سوگوار لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی روح کے کے لیے دعا بھی کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔