کورونا سے کیمرہ مین کے انتقال کے بعد ’دوردرشن‘ کا دفتر سیل
راجدھانی دہلی اور مہاراشٹر میں بڑی تعداد میں صحافیوں اور فوٹوگرافروں میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہو چکی ہے اور لگاتار نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں جس کی وجہ سے صحافتی طبقہ میں خوف کا ماحول ہے۔
کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملات کے درمیان صحافتی طبقہ میں بھی لگاتار انفیکشن کے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ بدھ کے روز دوردرشن کے کیمرہ مین یوگیش کمار کا انتقال ہو گیا اور جمعرات کے روز ان کی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی جس کے پیش نظر دوردرشن کے دفتر کو سیل کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ کورونا سے یوگیش کمار کی موت کی خبر سے جہاں صحافتی طبقہ غمزدہ ہے، وہیں اس بات کو لے کر متفکر بھی ہے کہ صحافتی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے وہ کورونا کی زد میں آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 5 جون سے مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق یوگیش کمار کو دل کا دورہ پڑا تھا اور اس کے بعد ان کا پرسوں انتقال ہوگیا۔ انتقال کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جس کی رپورٹ کل آئی اور اس میں ان کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ ذرائع کے مطابق دوردرشن دفتر کو سینیٹائز کرنے کے لئے دفتر کو دو دن کے لئے سیل کردیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا کی وبا سے راجدھانی دہلی کے کئی صحافی اور فوٹوگرافر متاثر ہو چکے ہیں۔ ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کے تو کم و بیش 6 درجن افراد کورونا کی زد میں بتائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے چینل کے دفتر کو بھی سینیٹائز کیے جانے کی خبریں گزشتہ دنوں سامنے آئی تھیں۔ مہاراشٹر میں بھی بڑی تعداد میں صحافیوں اور فوٹوگرافروں کے کورونا انفیکشن کے شکار ہونے کی باتیں سامنے آ چکی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔