’اقلیتی وزارت، وقف بورڈ اور سنسر بورڈ کو حکومت ختم کرے‘، آل انڈیا سَنت کمیٹی کی میٹنگ میں مطالبہ

سَنت سماج نے ’آدی پرش‘ فلم کو ہندوستانی ثقافت اور روایت کا مخالف بتاتے ہوئے کہا کہ اس فلم کو قبول نہیں کیا جائے گا، یا تو حکومت اس فلم پر روک لگائے یا وہ اس فلم کو ملک میں کہیں بھی چلنے نہیں دیں گے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

آل انڈیا سَنت سمیتی نے حکومت سے اقلیتی وزارت، وقف بورڈ اور فلم سنسر بورڈ کو ختم کرنے کے ساتھ ہی فلم ’آدی پرش‘ پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ آج کی میٹنگ میں کاشی گیان واپی اور متھرا کے شری کرشن جنم بھومی مندر کے ایشو پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دہلی میں ہوئی آل انڈیا سَنت کمیٹی کی میٹنگ میں ملک بھر سے جمع سَنتوں نے سناتن مذہب سے جڑے کئی اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا۔ سَنت سماج نے ’آدی پرش‘ فلم کو ہندوستانی تہذیب اور روایت کا مخالف بتاتے ہوئے کہا کہ اس فلم کو قبول نہیں کیا جائے گا، یا تو حکومت اس فلم پر روک لگائے یا وہ اس فلم کو ملک میں کہیں بھی چلنے نہیں دیں گے۔

میٹنگ کے بعد اکھل بھارتیہ سَنت کمیٹی کے قومی جنرل سکریٹری سوامی جتیندرانند سرسوتی نے کہا کہ سپریم کورٹ لگاتار حکومت ہند سے یہ پوچھ رہا ہے کہ اس ملک میں اقلیت کون ہے، حکومت ہند اس کی تعریف بتائے۔ حکومت ہند لگاتار ریاستوں کو خط لکھ رہی ہے کہ اقلیتی طے کر کے بتائیے۔ اس لیے ہمارا ماننا ہے کہ جہاں ابھی تک یہی طے نہیں ہے کہ اقلیت کون ہے تو وہاں اقلیتی وزارت کی کیا ضرورت ہے؟


دوسری طرف اکھل بھارتیہ سَنت کمیٹی کے قومی ترجمان مہنت نول کشور داس نے کہا کہ ریلوے اور وزارت دفاع کے بعد اس ملک میں سب سے زیادہ زمین وقف بورڈ کے پاس ہے، جن کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال کیا جا رہا ہے، اس لیے سَنت سماج کی حکومت سے یہ مطالبہ ہے کہ حکومت ہند آرڈیننس لا کر لیز پر دی گئی زمینوں کو وقف بورڈ سے واپس لے بلکہ ہمارا تو یہ مطالبہ ہے کہ وقف بورڈ کو ہی ہمیشہ کے لیے ختم کر دینا چاہیے۔

ہنومان گڑھی، ایودھیا کے مہنت جگدیش داس نے کہا کہ سَنتوں کی میٹنگ میں فلم سنسر بورڈ کے کردار کو لے کر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے یہ کہا گیا کہ ہندو مخالف فلمیں بن رہی ہیں اور فلم سنسر بورڈ لگاتار اس طرح کی فلموں کو پاس بھی کر رہا ہے۔ اگر سنسر بورڈ اس طرح کے مناظر پر روک نہیں لگا پا رہا ہے یا اس طرح کی فلموں کو روک نہیں پا رہا ہے تو پھر سنسر بورڈ کی ضرورت ہی کیا ہے؟ انھوں نے کہا کہ سنسر بورڈ کو ختم ہی کر دینا چاہیے۔


سنسر بورڈ کے کردار پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے مہنت نول کشور داس نے بھی کہا کہ اس طرح کے سنسر بورڈ کو پوری طرح سے ختم کر ایک سناتنی اور ہندوستانی سنسر بورڈ کی تشکیل کرنی چاہیے، جس میں مہذب لوگوں کو رکھا جانا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔