گیان واپی-شرنگار گوری کیس: مبینہ شیولنگ کی کاربن ڈیٹنگ کرانے پر عدالت نے آج نہیں سنایا فیصلہ، اب 11 اکتوبر کا انتظار
آج عدالت کی کارروائی شروع ہونے سے قبل زبردست پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی تھی، اس دوران عدالت میں دونوں فریقین کے لوگ موجود تھے۔
وارانسی کی ضلع عدالت آج گیان واپی مسجد اور شرنگار گوری معاملے پر اہم فیصلہ سنانے والی تھی، لیکن ابھی اس سلسلے میں دونوں فریقین کو مزید انتظار کرنا ہوگا۔ فیصلہ گیان واپی مسجد احاطہ میں موجود مبینہ شیولنگ (جسے فوارہ کہا جاتا رہا ہے) کی کاربن ڈیٹنگ پر سنایا جانا تھا۔ اب اس معاملے میں عدالت 11 اکتوبر کو فیصلہ سنائے گی۔
دراصل گیان واپی مسجد سروے کے دوران وضو خانہ میں شیولنگ کی طرح کا ایک پتھر ملا تھا جسے ہندو فریق نے وشویشور شیولنگ ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ حالانکہ مسلم فریق کا کہنا ہے کہ وہ فوارہ ہے جو عرصہ دراز سے بند ہے۔ اس معاملے میں ہندو فریق نے کاربن ڈیٹنگ کرانے کی عرضی داخل کی تھی، لیکن مسلم فریق نے اس کی مخالفت کی تھی۔ گزشتہ سماعت میں وارانسی ضلع کورٹ نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا اور کہا تھا کہ 7 اکتوبر کو فیصلہ سنایا جائے گا۔
آج عدالت کی کارروائی شروع ہونے سے قبل زبردست پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی تھی۔ اس دوران عدالت میں دونوں فریقین کے لوگ موجود تھے۔ ہندو فریق کی طرف سے گیان واپی-شرنگار گوری معاملے میں چاروں عرضی گزار خواتین اور ان کے وکیل وشنو شنکر جین اور ہری شنکر جین عدالت پہنچے تھے۔ اس کے علاوہ سرکاری وکیل مہندر پرساد پانڈے بھی ضلع جج کی عدالت میں موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔