خوشخبری ! ہندوستان کے پہلے کورونا ٹیکہ ’کوویکسن‘ کا انسانوں پر ٹرائل جولائی سے

’کوویکسن‘ نامی ٹیکہ کو بنانے کا سہرا ’بھارت بایوٹیک‘ کمپنی کے سر جاتا ہے جس نے آئی سی ایم آر اور این آئی وی کے تعاون سے کورونا کے خلاف جاری جنگ میں ایک اہم پیش رفت کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے قہر کے درمیان پوری دنیا میں کورونا ویکسین اور دواؤں پر تجربہ جاری ہے۔ کئی ممالک میں ویکسین کا انسانوں پر تجربہ بھی شروع ہو گیا ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ اب ہندوستان میں بھی ایک ویکسین کے انسانوں پر ٹرائل کی اجازت مل گئی ہے۔ یہ ویکسین ہندوستان میں ہی تیار کیا گیا ہے اور نام ہے 'کوویکسن'۔ ڈی سی جی آئی (ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا) نے اس ٹیکہ کے انسانوں پر ٹیسٹ کی اجازت دے دی ہے اور امکان ہے کہ بہت جلد یعنی جولائی سے یہ ٹیسٹ شروع ہو جائے گا۔

دراصل 'کوویکسن' نامی ٹیکہ کو بنانے کا سہرا 'بھارت بایوٹیک' کمپنی کے سر جاتا ہے جس نے آئی سی ایم آر (انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ) اور این آئی وی (نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی) کے تعاون سے کورونا کے خلاف جاری جنگ میں ایک اہم پیش رفت کی ہے۔ ہندوستان میں اگلے مہینے سے اس ٹیکہ کا پہلے اور دوسرے مرحلے کا تجربہ شروع ہوگا۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹیکہ کو بنانے میں آئی سی ایم آر اور این آئی وی کا تعاون بہت اہم رہا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ اب تک کورونا انفیکشن سے لڑنے کے لیے کسی بھی طرح کا ٹیکہ نہیں بن پایا ہے۔ چونکہ کورونا انفیکشن بہت تیزی کے ساتھ ملک میں پھیل رہا ہے، اس لیے 'کوویکسن' کے انسانوں پر ٹرائل کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے اور سبھی کی نظر اس ٹرائل پر ہے۔ اس سے قبل روس نے ایک ویکسین کا انسانوں پر ٹرائل کیا ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آئے ہیں، لیکن جن مریضوں پر اس کا استعمال کیا گیا تھا، ان کا ابھی تک حتمی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Jun 2020, 11:11 AM