بابا رام دیو کا ’کورونا وائرس‘ کی دوا بنانے سے متعلق دعویٰ نکلا جھوٹ!

بابا رام دیو کی کمپنی پتنجلی نے کورونا انفیکشن کی دوا ‘کورونیل’ تیار کرنے کا دعویٰ کر کے ہلچل پیدا کر دی تھی۔ لیکن اب پتنجلی اپنے اس دعویٰ سے پلٹ گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بابا رام دیو کی کمپنی ’پتنجلی‘ اکثر کسی نہ کسی وجہ سے موضوعِ بحث بنی رہتی ہے۔ حال ہی میں پتنجلی نے کورونا کی دوا 'کورونیل' تیار کرنے کا دعویٰ کر کے مارکیٹ میں ہلچل پیدا کر دی تھی۔ لیکن اب بابا رام دیو کی کمپنی اپنے اس دعویٰ سے پلٹی مارتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس دوا کو پتنجلی آیوروید گروپ کی کمپنی دِویہ فارمیسی نے تیار کیا ہے۔ میڈیا میں آ رہی رپورٹس کے مطابق پتنجلی نے اتراکھنڈ کے آیوش محکمہ کی جانب سے جاری نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ اس کی جانب سے کورونا ختم کرنے کی کوئی دوا نہیں بنائی گئی ہے۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ منگل یعنی 23 جون کو بابا رام دیو اور پتنجلی آیوروید کے سی ای او آچاریہ بالاکرشن نے میڈیا کے سامنے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی کمپنی نے کورونا کو شکست دینے والی دوا تیار کر لی ہے۔ ان کے اس دعوے کو درکنار کرتے ہوئے مرکزی آیوش وزارت نے دوا کی تشہیر اور فروخت پر روک لگانے کا حکم دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی سے تفصیل مانگی تھی کہ انھوں نے دوا کا ٹرائل کب کیا اور دوا بنانے میں کون کون سی اشیاء کا استعمال کیا گیا ہے۔


اتنا ہی نہیں، اس کے اگلے دن یعنی 24 جون کو اتراکھنڈ آیوش محکمہ نے پتنجلی کو نوٹس جاری کیا تھا اور اس سلسلے میں 7 دنوں کے اندر جواب طلب کیا تھا۔ اتراکھنڈ کے محکمہ آیوش کے لائسنس افسر نے خود سامنے آتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جانب سے پتنجلی کو قوت مدافعت بڑھانے کی دوا بنانے کا لائسنس دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پتنجلی نے اپنے لائسنس میں دوا تیار کرنے کی بات ہی نہیں کہی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jun 2020, 7:11 PM