خوشخبری! آئی آئی ٹی-این آئی ٹی میں آئندہ سال سے ’مادری زبان‘ میں ملے گی انجینئرنگ کی تعلیم
وزارت تعلیم کے ایک افسر کے مطابق ’’تکنیکی تعلیم، خصوصی طور سے انجینئرنگ کی تعلیم مادری زبان میں دینے کا منفعت بخش فیصلہ لیا گیا ہے اور یہ سہولت آئندہ تعلیمی سیشن سے طلبا کے لیے دستیاب ہوگی۔‘‘
آئندہ تعلیمی سیشن سے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) میں مادری زبان میں انجینئرنگ کی پڑھائی ہوگی۔ یہ فیصلہ مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک کی صدارت میں جمعرات کے روز ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے درمیان لیا گیا۔ یہ خبر ان طلباء کے لیے خوش آئند ہے جو مادری زبان میں انجینئرنگ کی تعلیم دیے جانے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔
جمعرات کے روز ہوئی میٹنگ کے بعد وزارت تعلیم کے ایک سینئر افسر کے حوالے سے میڈیا میں بیان سامنے آیا ہے کہ ’’تکنیکی تعلیم، خصوصی طور سے انجینئرنگ کی تعلیم مادری زبان میں دینے کا منفعت بخش فیصلہ لیا گیا ہے اور یہ سہولت آئندہ تعلیمی سیشن سے طلبا کے لیے دستیاب ہوگی۔ اس کے لیے کچھ آئی آئی ٹی اور این آئی ٹی کو منتخب کیا جا رہا ہے۔‘‘ میڈیا ذرائع کے مطابق جمعرات کو ہوئی میٹنگ میں نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی طرف سے مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے نصاب لانے پر بھی غور کیا گیا۔
وزارت تعلیم کے افسر کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق این ٹی اے اسکولی تعلیمی بورڈ سے جڑے موجودہ حالات کا جائزہ لے گی اور اس کے بعد مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے نصاب تیار کرے گی۔ افسر نے مزید کہا کہ یو جی سی کو سبھی اسکالرشپ، فیلوشپ کو وقت پر دینے کی ہدایت بھی دی گئی ہے اور کمیشن کو ہیلپ لائن شروع کر طلبا کے سبھی مسائل کا فوراً حل نکالنے کے لیے کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ این ٹی اے نے گزشتہ مہینے ہی ہندی اور انگریزی کے علاوہ اردو سمیت 9 علاقائی زبان میں جے ای ای کا مینش امتحان کرانے کا اعلان کیا تھا۔ حالانکہ آئی آئی ٹی نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ کیا جے ای ای ایڈوانس کا امتحان بھی علاقائی زبانوں میں لیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔