’کانگریس اقتدار میں آئی تو کسان مخالف تینوں قوانین ختم کر دیں گے‘
کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی نے کسانوں کی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آنے پر حال ہی میں پاس کسان مخالف تینوں قوانین کو پھاڑ کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں گے
نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی نے کسانوں کی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آنے پر حال ہی میں پاس کسان مخالف تینوں قوانین کو پھاڑ کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں گے۔
کانگریس پارٹی شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعہ کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ سونیا گاندھی اور راہل راہل گاندھی نے وعدہ کیا ہے کہ جب کانگریس مرکز میں اقتدار سنبھالے گی تو وہ پہلے کسان مخالف قوانین کو ختم کر دے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس شروع سے ہی ان تینوں قوانین کی مخالفت کرتی رہی ہے۔ ان قوانین کی مخالفت کرنے پر ان کے ممبران پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ میں معطلی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ جن ریاستوں میں کانگریس کی حکومتیں ہیں ، وہاں کسانوں کوان قوانین کی وجہ سےکوئی نقصان نہ ہو اسی لئے ان کے تحفظ کیلئے الگ سے قانون بنایا جارہاہے ۔
کانگریس ترجمان نے کہا کہ کسانوں کا تعلق کسی خاص پارٹی سے نہیں ہے بلکہ ہر ایک سے ہے اور وہ ہرایک کی بھوک مٹانے کے لئے اپنی جی توڑ محنت سے کام کرتا ہے لہذا کسان کی بات سنی جانی چاہئے۔
وہیں، کسانوں کے دہلی پہنچنے کی کوششوں اور ملک بھر میں کئے جا رہے مظاہروں کے درمیان کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’کسانوں کی آواز دبانے کے لئے، پانی برسایا جا رہا ہے، سڑکیں کھود کر روکا جا رہا ہے لیکن حکومت ان کو یہ دکھانے کو تیار نہیں ہے کہ ایم ایس پی کا قانونی حق ہونے کی بات کہاں لکھی گئی ہے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے مزید لکھا، ایک ملک، ایک انتخابت ی فکر کرنے والے وزیر اعظم کو ایک ملک، ایک رویہ بھی لاگو کرنا چاہئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔