گورکھپور میں نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری، پرینکا گاندھی یوگی حکومت پر برہم

اپنے فیس بک پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے لکھا ہے کہ "بلند شہر، ہاپوڑ، لکھیم پور کھیری، اور اب گورکھپور۔ لگاتار اس طرح کے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ خواتین کو تحفظ دینے میں یو پی حکومت پوری طرح ناکام ہے۔"

پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر
پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر
user

تنویر

اتر پردیش میں جرائم کے واقعات لگاتار بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ تازہ ترین معاملہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حلقہ گورکھپور کا ہے جہاں ایک نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا شرمسار کر دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، درندوں نے اس گھناؤنے عمل کے بعد متاثرہ کے جسم کو سگریٹ سے بھی داغ دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ کے والد اینٹ بھٹہ پر مزدوری کرتے ہیں۔ جب اہلِ خانہ کو واقعہ کی جانکاری ملی تو وہ جائے وقوع پر پہنچے۔ انھیں ان کی بیٹی بیہوشی کی حالت میں ملی۔ اس واقعہ پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے اور یوگی حکومت کو پرزور طریقے سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

گورکھپور میں نابالغ کی عصمت دری پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ "بلند شہر، ہاپوڑ، لکھیم پور کھیری، اور اب گورکھپور۔ لگاتار اس طرح کے واقعات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ خواتین کو تحفظ دینے میں اتر پردیش حکومت پوری طرح ناکام رہی ہے۔" ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ "جرائم پیشوں کے من میں قانون کا کوئی خوف نہیں ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کے خطرناک سے خطرناک واقعات انجام پاتے جا رہے ہیں۔"


اپنے فیس بک پوسٹ میں پرینکا گاندھی پولس انتظامیہ پر حملہ آور ہوتے ہوئے یہ مشورہ بھی دیتی ہیں کہ "پولس اور انتظامیہ نہ سیکورٹی دے پا رہی ہیں اور نہ ہی مناسب کارروائی کر پا رہی ہیں۔ اتر پردیش حکومت نظام قانون کا جائزہ لے اور خواتین کی سیکورٹی سے متعلق سنجیدہ اقدام کرے۔"

واضح رہے کہ عصمت دری متاثرہ گورکھپور کے گولہ تھانہ علاقہ میں اپنے والدین کے ساتھ کرایہ کے مکان میں رہتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 15 اگست کی شب 8 بجے پاس کے گاؤں دھوسہر کا رہنے والا ارجن نشاد اور اس کا دوست نریش عرف چھوٹو جبراً بائیک سے نابالغ کو اٹھا لے گئے۔ اس کے بعد دونوں نے نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔ اس دوران درندوں نے متاثرہ کے جسم کو سگریٹ سے داغ دیا۔


بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ وہیں رات بھر بیہوشی کی حالت میں پڑی رہی۔ صبح کسی نے متاثرہ کی ماں کو جانکاری دی۔ خبر ملنے کے بعد متاثرہ کے اہل خانہ جب وہاں پہنچے تو ان کی بیٹی وہاں پڑی ہوئی ملی۔ متاثرہ نے اپنی ماں کو پوری داستان سنائی۔ اس کے بعد اہل خانہ نے فون کر واقعہ کے بارے میں پولس کو خبر دی۔ پولس نے دونوں ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے اور معاملے کی جانچ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Aug 2020, 2:56 PM