سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی پر بھی کورونا کا حملہ، دہلی واقع آرمی اسپتال میں داخل

روٹین چیک اپ کے لیے پرنب مکھرجی اسپتال پہنچے تو ان میں کورونا کی کچھ علامتیں پائی گئیں۔ جب کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تو رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی، جس کے بعد انھیں دہلی واقع آرمی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

امت شاہ، شیوراج سنگھ چوہان اور بی ایس یدی یورپا جیسی سرکردہ سیاسی شخصیتوں کے بعد اب سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ اس بات کی اطلاع خود پرنب مکھرجی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعہ دی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "میں کسی اور جانچ کے لیے اسپتال پہنچا تھا، میرا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔" ساتھ ہی پرنب مکھرجی نے یہ بھی لکھا کہ "میں گزارش کرتا ہوں کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں میرے رابطے میں جو بھی شخص آئے ہیں وہ خود کو آئسولیٹ کریں اور اپنا ٹیسٹ کروائیں۔"

ایسی خبریں سامنے آئی ہیں کہ جب ایک روٹین چیک اَپ کے لیے پرنب مکھرجی اسپتال پہنچے تو ان میں کورونا کی کچھ علامتیں پائی گئیں۔ جب کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تو اس کی رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر سابق صدر جمہوریہ کو دہلی واقع آرمی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی حالت اس وقت مستحکم بتائی جا رہی ہے اور وہ ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں ہیں۔


84 سالہ پرنب مکھرجی کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد ان کی جلد صحت یابی کے لیے سیاسی حلقے میں دعائیں کی جا رہی ہیں۔ کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے سابق صدر جمہوریہ کے جلد از جلد شفایاب ہونے کی دعاء کی ہے۔ علاوہ ازیں سیاستداں اور کالم نویس ارچنا ڈالمیا نے پرنب مکھرجی کے کورونا پازیٹو پائے جانے کی خبر پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی اور طویل صحت مند زندگی سے متعلق دعاء کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Aug 2020, 2:28 PM