بہار: بی جے پی رکن پارلیمنٹ پر پھوٹا سیلاب متاثرین کا غصہ، دیکھیں ویڈیو
جناردن سنگھ سگریوال کے حامیوں پر ناراض لوگوں نے لات، گھونسے اور کرسی کی بوچھار کر دی۔ اس سلسلے میں مکھیا کا کہنا ہے کہ جب سے علاقے میں سیلاب آیا ہے تب سے مقامی رکن پارلیمنٹ کبھی نظر نہیں آئے تھے۔
بہار میں سیلاب کی صورت حال سنگین بنی ہوئی ہے۔ لاکھوں لوگ متاثر ہیں اور کئی گاؤں غرقاب ہو چکے ہیں۔ راحت اور بچاؤ کاری کی عدم موجودگی میں سیلاب متاثرین حکمراں طبقہ سے بری طرح ناراض نظر آ رہے ہیں اور ان کا غصہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ حالات ایسے ہیں کہ اب سیلاب متاثرین کا یہ غصہ عوامی نمائندوں پر پھوٹنے لگا ہے۔ گزشتہ ہفتہ کے روز ایسا ہی ایک معاملہ سیوان میں دیکھنے کو ملا جس کا ویڈیو اب وائرل ہو رہا ہے۔ دراصل جب بی جے پی رکن پارلیمنٹ جناردن سنگھ سگریوال راحت کیمپ کا جائزہ لینے پہنچے تو ان کے حامیوں پر سیلاب متاثرین نے لات گھونسوں اور کرسیوں کی بارش کر دی۔
یہ بھی پڑھیں : بہار کے 16اضلاع میں سیلاب کا قہر جاری
معاملہ سیوان کے لکڑی نبی گنج واقع پڈولی پنچایت بھون کا بتایا جا رہا ہے جہاں بنائے گئے ایک سیلاب راحتی کیمپ کا جائزہ لینے کے لیے مہاراج گنج سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ جناردن سنگھ سگریوال اپنے حامیوں کے ساتھ پہنچے تھے۔ اس دوران پنچایت کے مکھیا اور سیلاب متاثرین کے ساتھ جناردن کے حامیوں کی بحث ہو گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ بگڑ گیا اور دونوں طرف سے لات-گھونسے چلنے لگے اور کرسیاں بھی پھینکی جانے لگیں۔ پورے واقعہ کے دوران بی جے پی رکن پارلیمنٹ وہاں موجود تھے۔ بعد میں پولس نے کسی طرح لوگوں کو خاموش کرایا۔
واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ کانگریس لیڈر ارچنا ڈالمیا نے بھی اس ویڈیو کو ٹوئٹ کیا ہے۔ ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ ہی ارچنا ڈالمیا نے لکھا ہے کہ "عوام پریشان ہے۔ یہ بہار کے سیلاب متاثرین ہیں۔ نتیش کمار جی انتخاب آ گیا؟ کس کام کے ووٹ مانگو گے؟ یہ جو پِٹ رہے ہیں بہار کے مہاراج گنج سیٹ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ جناردن سنگھ سگریوال اور ان کے حامی ہیں! جو پیٹ رہے ہیں وہ سیلاب متاثرین ہیں۔"
خبروں کے مطابق اس واقعہ کو لے کر مقامی مکھیا کا کہنا ہے کہ جب سے علاقے میں سیلاب آیا ہے تب سے مقامی رکن پارلیمنٹ کبھی نظر نہیں آئے۔ اور اب جب اسمبلی انتخاب نزدیک آ رہے ہیں، تو سیاست کے لیے علاقے میں دِکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ پنچایت کے ذریعہ چلائے جا رہے راحتی کیمپ میں آ کر رکن پارلیمنٹ حامیوں نے ہنگانہ کیا جس سے سیلاب متاثرین ناراض ہو گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔