بہار کے 16اضلاع میں سیلاب کا قہر جاری

محکمہ موسمیات نے اپنی پیش گوئی میں بتایا کہ 12 اگست تک بہار کے سبھی آبی علاقوں میں بجلی اور گرج کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

تصویر سوشل میڈیا بشکریہ نیوز کلک
تصویر سوشل میڈیا بشکریہ نیوز کلک
user

یو این آئی

نیپال اور بہار کے آبی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہورہی بارش کے سبب ریاست کی آٹھ ندیوں میں آئے سیلاب سولہ اضلاع میں قہر برپا کررہے ہیں۔

مرکزی واٹر کمیشن کی جانب سے ہفتہ کو ندیوں کی یومیہ آبی سطح اور سیلاب کے پیش کئے گئے جاری اعدادوشمار کے مطابق ،بہار میں بوڑھی گنڈک اور باغمتی ندی کی آبی سطح چار چار مقام پر ،گھاگرا،ادھوارہ سموہ،کملہ-بلان اور کوسی دودومقام پر،گنگا اور گنڈک ندی کی آبی سطح ایک ایک جگہ پر خطرے کے نشان سے اوپر ریکارڈ کی گئی ہے۔


بہار میں بوڑھی گنڈک ندی کی آبی سطح مظفر پور کے سکندر پور میں 56 سینٹی میٹر۔سمستی پور میں 160سینٹی میٹر،روسڑی 312 سینٹی میٹر اور کھگڑیا میں 117 سینٹی میٹر وہیں گھاگرا ندی سیوان کے درولی میں 58 سینٹی میٹر اور گنگپور سسون میں 71سینٹی میٹر،گنگا بھاگل پور کے کہل گاوں میں 13 سینٹی میٹر اور گنڈک گاپال گنج میں ڈمریا گھاٹ میں 81سینٹی میٹر اوپر ہے۔

اسی طرح باغمتی کی آبی سطح ضلع سیتا مڑھی کے ڈینگ برج میں 10سینٹی میٹر،ضلع مظفر پور کے رونی سیدپور میں 187 سینٹی میٹر اور بینی باد میں 94 سینٹی میٹر،دربھنگہ کے ہایاگھاٹ میں 239 سینٹی میٹر اور ادھوارہ سموہ دربھنگہ کے کمتول میں 103 سینٹی میٹر اور ایکمی گھاٹ میں 211 سینٹی میٹر۔کملا بلان ندی مدھوبنی کے جے نگر میں 29 سینٹی میٹر اور جھنجھار پور میں دو سینٹی میٹر،کوسی ندی کھگڑیا کے بلتارہ میں 185 سینٹی میٹر،کٹہار کے کرسیلا میں 31 سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے۔


محکمہ موسمیات نے اپنی پیش گوئی میں بتایا کہ 12 اگست تک بہار کے سبھی آبی علاقوں میں بجلی اور گرج کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔وہیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سبھی اضلاع میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔شیخ ہورہ،بہارشریف اور بکسر میں تین تین سینٹی میٹر اور ریواگھاٹ،چیناری،کدرہ،ہایاگھاٹ اور کٹوریہ میں دودو سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس درمیان ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ ریاست میں 16 اضلاع سیتا مڑھی،شیوہور،سپول،کشن گنج،دربھنگہ ،مظفر پور ،گوپال گنج،مشرقی ،مغربی چمپارن،کھگڑیا۔سارن،سمستی پور ،سیوان،مدھوبنی،مدھیپورہ اور سہرسہ کے 125بلاک کی 1223 پنچایت کی 73لاکھ 32ہزار 265 آبادی سیلاب کی زد میں ہے۔حالانکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)اوراسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)کی 33 ٹیم راحت اور بچاو کام میں مصروف ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں سے پانچ لاکھ 8061 لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔متعددبلاکس میں سیلاب کا پانی کم ہونے یا ختم ہونے کی وجہ سے راحت کیمپوں کی تعداد بھی کم کردی گئی ہے۔فی الحال سات راحت کیمپ چلائے جارہے ہیں،جن میں تقریباً 11ہزار 849 افراد ہیں۔سیلاب متاثرہ علاقوں میں چلائے جارہے 1342 کمیونٹی کچن میں روزانہ تقریباً نولاکھ 86ہزار 900متاثرہ افراد کھانا کھارہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔