بہار میں 8 ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر، سیلاب سے 69 لاکھ افراد متاثر
رام چندر ڈو نے بتایا کہ فی الحال آٹھ راحتی کیمپ چل رہے ہیں جن میں لگ بھگ 12200 افراد موجود ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں 1402 کمیونیٹی کچن میں روزانہ لگ بھگ دس لاکھ 21 ہزار متاثرین کھانا کھا رہے ہیں۔
پٹنہ: نیپال اور بہار کے نشیبی علاقوں میں رک۔ رک کر مسلسل ہو رہی بارش سے ریاست میں آٹھ ندیوں میں طغیانی کی وجہ سے سیلاب سے 69 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ مرکزی آبی کمیشن کی جانب سے ندیوں کے یومیہ سطح آب سے متعلق جاری اعداد وشمار کے مطابق بہار میں بوڑھی گنڈک ندی کی سطح آب پانچ مقامات پر، باگمتی چار، گھاگھرا، ادھوارہ گروپ، کملا۔ بلان اور کوسی۔ دو۔ دو مقامات پر اور گنگا اور گنڈک ندی ایک۔ ایک مقام پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔
بہار میں بوڑھی گنڈک ندی کی سطح آب مظفر پور کے سکندر پور میں 84 سینٹی میٹر، سمستی پور میں 196 سینٹی میٹر، روسڑا میں 343 سینٹی میٹر اور کھگڑیا میں 25 سینٹی میٹر وہیں گھاگھرا ندی سیوان کے درولی میں 66 سینٹی میٹر اور گنگ پور سسوان میں 86 سینٹی میٹر اور گنڈک ندی گوپال گنج کے ڈومریا گھاٹ میں 97 سینٹی میٹر اوپر ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح باگمتی ندی کی سطح آب سیتامرھی ضلع کے ڈھینگ بریج میں 36 سینٹی میٹر، مظفر پور ضلع کے رونی سید پور میں 139 سینٹی میٹر اور بینی باد میں 92 سینٹی میٹر، دربھنگہ کے حیاگھاٹ میں 230 سینٹی میٹر اور ادھوارہ گروپ دربھنگہ کے کمتول میں 115 سینٹی میٹر اور ایکمی گھاٹ میں 207 سینٹی میٹر، کملا بلان ندی مدھوبنی کے جے نگر میں 20 سینٹی میٹر اور جھنجھار پور میں 54 سینٹی میٹر، کوسی ندی کھگڑیا کے بلتارا میں 197 سینٹی میٹر، کٹیہار کے کرسیلا میں 19 سینٹی میٹر، گنگا ندی بھاگلپور کے کہلگاﺅں میں چار سینٹی میٹر اور گنڈک ندی ڈمریا گھاٹ میں 97 سینٹی میٹر اوپر ہے۔
ایڈیشنل سکریٹری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی ہدایت کے ضمن میں اب تک چار لاکھ 50 ہزار 129 متاثرہ کنبوں کے بینک کھاتوں میں چھ۔ چھ ہزار روپے فی کنبہ کی شرح سے کل 270 کروڑ روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے بقیہ دیگر کنبوں کے کھاتوں میں بھی رقم بھیجنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رقم منتقلی کی اطلاع ایس ایم ایس کے توسط سے متاثرہ کنبوں کو دی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق دس اگست تک بہار کے سبھی نشیبی علاقوں میں گرج اور آسمانی بجلی کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ وہیں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سبھی اضلاع میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ دربھنگہ میں پانچ سینٹی میٹر، جہان آباد اور بیہہ پور میں چار۔ چار سینٹی میٹر، حیاگھاٹ، سپول، روسڑا، رام نگر اور چھپرا میں تین۔ تین سینٹی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
آفات مینجمنٹ محکمہ کے ایڈیشنل سکریٹری رام چندر ڈو نے جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کہا کہ ریاست میں 16 اضلاع کے 124 بلاکوں کے 1188 پنچایتوں کی 69 لاکھ آبادی سیلاب کی زد میں ہے۔ حالانکہ متاثرہ علاقوں میں این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم راحت بچاﺅ کام میں مصروف ہیں۔
رام چندر ڈو نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں سے چارلاکھ 81 ہزار افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچادیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی بلاکوں میں سیلاب کا پانی کم ہونے یا ختم ہونے کی وجہ سے راحتی کیمپوں کی تعداد بھی کمی کر دی گئی ہے۔ فی الحال آٹھ راحتی کیمپ چلائے جا رہے ہیں جن میں لگ بھگ 12200 افراد رہائش پذیر ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں چلائی جارہی 1402 کمیونیٹی کچن میں روزانہ لگ بھگ دس لاکھ 21 ہزار متاثر ین کھانا کھا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔