پے ٹی ایم کے خلاف ای ڈی نے شروع کی کارروائی، شیئرس میں زبردست گراوٹ
آر بی آئی کے ایکشن لینے کی ہدایت کے 2 ہفتے بعد ای ڈی نے پے ٹی ایم کے خلاف اپنی ابتدائی جانچ شروع کر دی، اس کارروائی کے بعد پے ٹی ایم کے شیئرس میں بھاری گراوٹ درج کی گئی
نئی دہلی: آر بی آئی کے ذریعہ پے ٹی ایم کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت کے 2 ہفتے بعد ای ڈی نے اپنی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ای ڈی کے اس ایکشن کے فوراً بعد ہی پے ٹی ایم کے شیئرس میں زبردست گراوٹ درج کی گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پے ٹی ایم برانڈ کی پیرینٹ کمپنی ’ون 97 کمیونیکیشن لمیٹڈ‘ کے شیئرس میں 10 فیصد کی گراوٹ آئی ہے اور یہ لوور سرکٹ تک پہنچ گیا ہے۔ اس گراوٹ کے بعد آج کمپنی کا شیئر 342.15 روپے پر گر گیا جو کہ گزشتہ 52 ہفتے کی بھی نچلی سطح ہے۔
اکتوبر میں پے ٹی ایم کے شیئرس کی قیمت 761.20 روپئے تھی اور آج ان کی قیمت نیچے گر کر 342.15 تک یعنی 55 فیصد کم ہو چکی ہے۔ پے ٹی ایم کے شیئرس پہلی بار منگل (13 فروری) کو 400 روپے سے نچلی سطح پر دیکھے گئے تھے اور آج وہ 350 روپے سے بھی نیچے چلے گئے ہیں۔ فی الحال پے ٹی ایم کے لیے ہمہ جہت مشکلات کا دور دکھائی دے رہا ہے کیونکہ ریزرو بینک نے پیر کو ہی پے ٹی ایم پیمنٹ بینک کے خلاف کی گئی کسی بھی کارروائی کا جائزہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس طرح پی ٹے ایم کے لیے یہ امید بھی ختم ہو گئی کہ آر بی آئی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گا۔
واضح رہے کہ 31 جنوری کی شام سے پے ٹی ایم کی مشکلات شروع ہوئیں جب آر بی آئی نے پے ٹی ایم پیمنٹس بینک کی زیادہ تر خدمات کو 29 فروری کے بعد بند کرنے کا حکم دے دیا۔ اس کے تحت آر بی آئی نے پے ٹی ایم کی یونٹ پے ٹی ایم پیمنٹس بینک لمیٹیڈ (پی پی بی ایل) کے کسی بھی گراہک اکاؤنٹ، پری پیڈ پروڈکٹس، والیٹ اور فاسٹ ٹیگ میں 29 فروری 2024 کے بعد ڈپازٹ یا ٹاپ اَپ نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔