زلزلہ نے پھر لوگوں میں پھیلائی دہشت، آج امرتسر، پریاگ راج اور سنگرولی میں محسوس کیے گئے جھٹکے

سنگرولی میں جو زلزلہ محسوس کیا گیا اس کی شدت ریکٹر پیمانے پر 3.2 رہی اور یہ 2.35 بجے آیا تھا، اچھی بات یہ رہی کہ تینوں ہی مقامات پر جو زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے، وہ بہت زیادہ تیز نہیں تھے۔

زلزلہ، علامتی تصویر یو این آئی
زلزلہ، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

گزشتہ کچھ دنوں میں محسوس کیے گئے کئی زلزلے کے جھٹکوں نے لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ پیر کے روز پھر زلزلہ محسوس کیا گیا، اور یہ الگ الگ اوقات میں ہندوستان کے تین مقامات پر دیکھنے کو ملا۔ سب سے پہلے پیر کی صبح تقریباً 3.42 بجے پنجاب کے امرتسر میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پھر پیر کی دوپہر مدھیہ پردیش کے سنگرولی میں زلزلہ کا جھٹکا محسوس ہوا، اور اسی وقت اتر پردیش کے پریاگ راج میں بھی زلزلہ آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگرولی میں جو زلزلہ محسوس کیا گیا اس کی شدت ریکٹر پیمانے پر 3.2 رہی اور یہ 2.35 بجے آیا تھا۔ اچھی بات یہ رہی کہ تینوں ہی مقامات پر جو زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے، وہ بہت زیادہ تیز نہیں تھے۔ کہیں سے بھی کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔


اس سے قبل دہلی-این سی آر میں گزشتہ ایک ہفتے میں دو بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جو پیر کے روز آئے زلزلوں سے زیادہ شدید تھے۔ 12 نومبر کو دہلی-این سی آر اور اتراکھنڈ میں دیر رات زلزلہ آیا تھا۔ زلزلہ کی شدت زیادہ تھی جس کی وجہ سے لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر آ گئے تھے۔ دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، بجنور وغیرہ میں یہ جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ بعد ازاں گزشتہ ہفتہ کی شب ایک بار پھر دہلی-این سی آر میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

لگاتار آ رہے زلزلوں کو دیکھتے ہوئے نوئیڈا اتھارٹی نے اونچی بلڈنگوں کو لے کر ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ کثیر منزلہ عمارتوں کا اسٹرکچر آڈٹ کے لیے کئی سوسائٹی کی طرف سے مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اتھارٹی کے پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے پاس بھی آڈٹ کے اصول بنانے کا کام گزشتہ بورڈ میٹنگ میں دیا گیا تھا اور میٹنگ کے دوران اسٹرکچرل آڈٹ پالیسی کو منظور کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔