ٹی-20 عالمی کپ کے بعد آئی سی سی نے تیار کی ’ٹیم آف دی ٹورنامنٹ‘، 3 ہندوستانی کھلاڑیوں کے نام شامل
ٹی-20 عالمی کپ میں کئی کھلاڑیوں نے قابل تعریف کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایسے کھلاڑیوں پر مبنی ایک ’ٹیم آف دی ٹورنامنٹ‘ تیار کی ہے جس میں ہندوستان کے تین کھلاڑی شامل ہیں۔
ہندوستان کے کرشمائی کرکٹر وراٹ کوہلی اور سوریہ کمار یادو نے آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) کے ذریعہ تیار ’ٹیم آف دی ٹورنامنٹ‘ میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس کا اعلان ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی-20 عالمی کپ فائنل میں پاکستان پر انگلینڈ کی جیت کے بعد کیا گیا۔ آئی سی سی کے ذریعہ تیار اس ٹیم میں بارہویں کھلاڑی کے طور پر ہندوستان کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو شامل کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کے چار کھلاڑی (ایلیکس ہیلس، کپتان جوس بٹلر، سیم کرن اور مارک ووڈ) بھی سب سے زیادہ اسکور بنانے والی فہرست میں شامل ہیں۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار نبھانے والے آل راؤنڈر اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کو فائنل الیون میں جگہ نہیں ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پسماندہ لوگوں کو عزت دینے میں نہرو کا اہم کردار
ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے 98.66 اوسط سے 296 رن بنائے۔ انھوں نے سپر-12 میں پاکستان کے خلاف ناٹ آؤٹ 82 رن سمیت 4 نصف سنچری بنائی۔ مڈل آرڈر بلے باز سوریہ کمار یادو نے کوہلی کی طرح ہی بہترین کارکردگی پیش کی۔ سوریہ کمار نے ٹورنامنٹ کے دوران اپنی جارحانہ بلے بازی سے سبھی کی تفریح کی۔ 189.68 کی اسٹرائیک ریٹ سے انھوں نے 239 رن بنائے۔ ہاردک پانڈیا کے لیے بھی ٹی-20 عالمی کپ 2022 شاندار رہا۔ انھوں نے 6 میچوں میں 8 وکٹ لیے اور نچلے آرڈر میں بلے بازی کرنے کے باوجود اپنی ٹیم کے تیسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بنے۔
انگلینڈ کے لیے واپسی کرنے والے سلامی بلے باز ایلیکس ہیلس نے ٹورنامنٹ میں دو شاندار اننگز کھیلی، جس میں ہندوستان کے خلاف سیمی فائنل میں 47 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 86 رن شامل ہے، اور اس ٹی-20 عالمی کپ میں انگلینڈ کے دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی کی شکل میں ابھرے۔ ٹاپ آرڈر کے اس بلے باز نے 4.40 کی اوسط اور 147.22 کے اسٹرائیک ریٹ سے 212 رن بنائے۔
انگلینڈ کے کپتان بٹلر نے اپنے رنگ میں آنے میں کچھ وقت لیا، لیکن انھوں نے آخر میں اپنی ٹیم کی فاتحانہ مہم میں ایک اہم کردار نبھایا، جس میں دو میچ جتانے والی اننگز بھی شامل تھی۔ پہلے سپر-12 میں نیوزی لینڈ کے خلاف اور پھر سیمی فائنل میں ہندوستان کے خلاف۔ وہ ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بنے۔ انھوں نے 45 کی اوسط سے 225 رن بنائے اور ان کی اسٹرائیک ریٹ 144.23 تھی۔
زمبابوے کے تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا کو بھی بلے اور گیند دونوں سے شاندار مظاہرہ کے بعد آئی سی سی کی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ سکندر رضا ٹورنامنٹ میں زمبابوے کی طرف سے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی رہے۔ انھوں نے 147.97 کی اسٹرائیک ریٹ سے 219 رن بنائے۔ انھوں نے 6.50 کی بہترین اکونومی ریٹ سے 10 وکٹ بھی لیے۔ زمبابوے کو سپر-12 مرحلہ میں لانے کے لیے وہ بطور بلے باز قابل تعریف تھے، اور ان کے تین وکٹوں نے پاکستان پر حیرت انگیز جیت بھی دلائی تھی۔
موسٹ ویلوئبل پلیئنگ الیون: گلین فلپس (نیوزی لینڈ)، شاداب خان (پاکستان)، سیم کرن (انگلینڈ)، اینرک نورخیا (جنوبی افریقہ)، مارک ووڈ (انگلینڈ)، ایلیکس ہیلس (انگلینڈ)، جوس بٹلر (انگلینڈ)، وراٹ کوہلی (ہندوستان)، سوریہ کمار یادو (ہندوستان)، شاہین شاہ آفریدی (پاکستان)، سکندر رضا (زمبابوے)۔ بارہویں کھلاڑی ہاردک پانڈیا (ہندوستان)۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔