خراب موسم اور کورونا کے سبب جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے سبھی امتحانات 20 فروری کے بعد
ایس ایس آر بی کے کنٹرولر امتحانات اشوک کمار نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے جنوری اور فروری میں لئے جانے والے امتحانات کو فی الحال ملتوی کیا گیا ہے۔
سری نگر: جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ نے موسمی اور کووڈ صورتحال کے پیش نظر 20 فروری کے بعد امتحانات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس ایس آر بی کے کنٹرولر امتحانات اشوک کمار نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے جنوری اور فروری میں لئے جانے والے امتحانات کو فی الحال ملتوی کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف اسامیوں کو پُر کرنے کی خاطر بورڈ نے جنوری اور فروری کے مہینے میں تحریری امتحانات کی خاطر نوٹیفکیشن جاری کی تھی تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر اب بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ 20 فروری 2022 کے بعد ہی ان امتحانات کو منعقد کیا جائے گا۔ اُن کے مطابق سروس سلیکشن بورڈ کے چیرمین کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی، جس دوران امتحانات کو فی الحال ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
کنٹرولر امتحانات کا مزید کہنا تھا کہ والدین اور اُمیدواروں کی جانب سے بھی بورڈ کو آگاہی فراہم کی گئی کہ موسمی اور کووڈ صورتحال کے پیش نظر فی الحال سبھی امتحانات کو ملتوی کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سب کچھ دھیان میں رکھتے ہوئے بورڈ نے 20 فروری تک سبھی امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں کورونا وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور ہر روز پانچ ہزار کیسوں کا اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر سروسز سلیکشن بورڈ نے سبھی امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا ہے جس کی عوامی حلقوں نے سراہنا کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔