بہار میں مہاتما گاندھی کا مجسمہ توڑے جانے پر ہنگامہ، ایک ملزم گرفتار
موتیہاری واقع گاندھی میوزیم کے سامنے بنے چرخہ پارک سے ملحق پیچھے نوتعمیر پارک میں نصب مہاتما گاندھی کے آدم قد مجسمہ کو توڑ کر پھینکے جانے کی جانکاری مقامی لوگوں نے پولیس کو دی۔
جس مشرقی چمپارن سے مہاتما گاندھی کی بہت اچھی یادیں جڑی ہوئی ہیں، اسی ضلع کے ہیڈکوارٹر موتیہاری میں گاندھی جی کے آدم قد مجسمہ کو توڑے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس واقعہ کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم کو نشہ کرنے کی عادت ہے اور نشے میں ہی اس نے مجسمہ کو نقصان پہنچایا۔ پولیس کے مطابق موتیہاری کے چرخہ پارک میں نصب گاندھی جی کے مجسمہ کو نقصان پہنچائے جانے کی جانکاری پیر کے روز ملی۔ اندیشہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ اتوار کی شب اس مجسمہ کو توڑا گیا ہوگا۔
شہر کے گاندھی میوزیم کے سامنے بنے چرخہ پارک سے ملحق پیچھے نوتعمیر پارک میں نصب مہاتما گاندھی کے آدم قد مجسمہ کو توڑ کر پھینکے جانے کی جانکاری مقامی لوگوں نے پولیس کو دی۔ آناً فاناً میں ضلع انتظامیہ اور پولیس افسران سرگرم ہوئے اور پیر کی شام ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : کیا بی جے پی پہلے دو مرحلوں میں اپنی جنگ ہار گئی ہے؟
مشرقی چمپارن (صدر) کے پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ارون کمار گپتا نے منگل کو بتایا کہ ملزم بیلی سرائے محلہ باشندہ راجہ مشرا عرف راج کمار مشرا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ نشہ باز ہے اور اکثر نشہ میں رہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پوچھ تاچھ میں بھی اس نے مجسمہ توڑنے کے واقعہ کو انجام دینے کی بات قبول کی ہے۔ دوسری طرف ضلع مجسٹریٹ شیرست کپل اشوک نے پارک کی نگرانی بڑھانے اور رات میں پولیس جوان تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔