’درشٹی آئی اے ایس‘ نے اولڈ راجندر نگر کوچنگ حادثہ میں ہلاک طلبا کے کنبہ کو 10-10 لاکھ روپے دینے کا کیا اعلان
درشٹی آئی اے ایس کوچنگ کے بانی وکاس دِویہ کیرتی نے ایک بیان جاری کر کہا ہے کہ یہ وقت یقینی طور پر 4 بچوں کے کنبوں کے لیے انتہائی مشکل ہے، اس غم کے وقت میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دہلی کے اولڈ راجندر نگر واقع ایک آئی اے ایس کوچنگ سنٹر میں 3 طلبا کی ہوئی دردناک موت معاملہ اب بھی سرخیوں میں ہے۔ تازہ ترین خبر یہ ہے کہ ’درشٹی آئی اے ایس‘ نے مہلوک طلبا کے کنبوں کو 10-10 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ دنوں پیش آئے دو حادثات میں 4 طلبا کی موت ہوئی تھی جس کے بعد کئی کوچنگ سنٹرس پر تالا لگ گیا ہے۔ ایک طالب علم نیلیش رائے کی موت سڑک پر آبی جماؤ کے سبب کرنٹ لگنے سے ہوئی تھی، جبکہ تین دیگر شریا یادو، تانیا سونی اور نون ڈالون ایک کوچنگ سنٹر کی بیسمنٹ میں پانی بھرنے کے سبب ڈوب کر ہلاک ہو گئے تھے۔
درشٹی آئی اے ایس کوچنگ سنٹر کے بانی وکاس دِویہ کیرتی نے آئی اے ایس کی تیاری کرنے والے چاروں طلبا کی ہلاکت پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ وقت یقینی طور پر چاروں بچوں کے کنبوں کے لیے انتہائی مشکل ہے۔ اس غم کے ماحول میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم جانتے ہیں کہ کوئی بھی رقم بچوں کے نہ رہنے کے درد کو کم نہیں کر سکتی، پھر بھی اس تکلیف کے وقت میں اپنی شراکت داری ظاہر کرنے کی ایک پرخلوص کوشش کی شکل میں درشٹی آئی اے ایس نے چاروں مہلوک طلبا کے کنبوں کو 10-10 لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
وِکاس دویہ کیرتی نے یہ بھی جانکاری دی کہ ’راؤز آئی اے ایس‘ کے سبھی موجودہ طلبا کی مدد کرنے کے لیے بھی وہ کوشاں ہیں۔ اس کے تحت جنرل اسٹڈی، ٹیسٹ سیریز اور متبادل سبجیکٹ کی تیاری کے لیے انھیں مفت تعلیمی مدد اور کلاسز فراہم کی جائیں گی۔ اس سہولت کا فائدہ اٹھانے کے لیے طلبا 5 اگست 2024 سے کرول باغ واقع دفتر میں موجود ہیلپ ڈیسک پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کوچنگ حادثہ کے بعد دہلی میونسپل کارپوریشن میں کرول باغ، مکھرجی نگر اور اولڈ راجندر نگر میں چلنے والے تقریباً 20 کوچنگ سنٹرس کے بیسمنٹ سیل کر دیے گئے ہیں۔ ان میں وکاس دِویہ کیرتی کی کوچنگ درشٹی آئی اے ایس سمیت کئی دیگر بھی شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔