ایئر انڈیا کے 50 پائلٹوں کے لئے یہ کیسا ’یوم آزادی‘
آئی سی پی اے نے جمعہ کے روز ائیر انڈیا کے سربراہ اور منیجنگ ڈائریکٹر راجیو بنسل کو ایک خط لکھا ہے اور 50 پائلٹوں کو راتوں رات نکالے جانے سے متعلق ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
ائیر انڈیا نے مرکزی حکومت کی یقین دہانی کے باوجود راتوں رات 50 پائلٹوں کو نکال باہر کیا ہے۔ کورونا بحران میں پیدا صورت حال کے پیش نظر اس کا خدشہ پہلے سے ظاہر کیا جا رہا تھا لیکن مرکزی حکومت نے ایسے کسی اقدام کے نہیں کیے جانے کی یقین دہانی کی تھی۔ اب جب کہ 50 پائلٹوں کو نکال دیا گیا ہے تو انڈین کمرشیل پائلٹس ایسو سی ایشن (آئی سی پی اے) نے جمعہ کے روز اس سلسلے میں انتظامیہ سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی سی پی اے نے ائیر انڈیا کے سربراہ اور منیجنگ ڈائریکٹر راجیو بنسل کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 50 پائلٹوں کو کمپنی کے سروس ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غلط طریقے سے نکال دیا گیا ہے۔
آئی سی پی اے نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "کیا ہو رہا ہے؟ بغیر مناسب عمل اختیار کیے راتوں رات ہمارے تقریباً 50 پائلٹوں کی خدمات ختم کر دی گئیں۔ اس وبا کے وقت میں قوم کی خدمت کرنے والوں کے لیے یہ ایک صدمے کی بات ہے۔" یہ بھی پتہ چلا ہے کہ جنوب میں پانچ سال پورے کر چکے کئی بیس کرو کے کانٹریکٹ کی تجدید نہیں کی جا رہی ہے۔ جنوبی علاقہ میں 18 کیبن کرو کی خدمات بھی ختم کر دی گئی ہیں۔
آئی سی پی اے نے ائیر انڈیا کے سی ایم ڈی کو لکھے اپنے خط میں کہا ہے کہ جن پائلٹوں نے گزشتہ سال اپنے استعفے دے دیے تھے انھوں نے 6 مہینے کی نوٹس مدت میں استعفے واپس لے لیے تھے، انھیں جمعرات کی رات 10 بجے اچانک خدمات سے مستثنیٰ کر دیا گیا۔ پائلٹوں کا الزام ہے کہ کرو کو ان کے استعفوں کی منظوری اور اس کے بعد کے نوٹس پیریڈ وغیرہ کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا تھا۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ "13 اگست کو دفتر بند ہونے کے بعد ظاہر ہے ان پائلٹوں کی خدمات بھی ختم ہو گئی تھیں، اس کے بعد بھی ایک پائلٹ کی 14 اگست کو اے آئی 506/804 کو چلانے کی ڈیوٹی لگائی گئی۔ ظاہر ہے ان فلائٹس کو اڑانے والے پائلٹ 13 اگست کے بعد تکنیکی طور پر ائیر انڈیا کے ملازم نہیں تھے۔" مزید کہا گیا کہ "یہ پرواز کی سیکورٹی کو لے کر ایک مضحکہ خیز اور انتہائی سنگین خلاف ورزی ہے۔ سوچنے والی بات ہے کہ اس طیارہ کو اڑا رہے پائلٹ کی ذہنی کیفیت کیا ہوگی جس کی خدمات ہی ختم کر دی گئی ہیں۔" آئی سی پی اے نے یاد دلایا کہ شہری ہوابازی وزارت اور ائیر انڈیا نے یقین دہانی کرائی تھی کہ دیگر ائیر لائنوں کے برعکس ائیر انڈیا اپنے کسی بھی ملازم کو نہیں نکالے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 Aug 2020, 2:11 PM