کورونا بحران: ائیر انڈیا ملازمین کے الاؤنس میں 50 فیصد تک تخفیف
ائیر انڈیا نے ملازمین کے لگاتار احتجاج کے باوجود الاؤنسز میں 50 فیصد تک کی تخفیف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آفیشیل حکم کے مطابق یہ قدم شہری ہوابازی وزارت کی ہدایت پر اٹھایا گیا ہے۔
ملازمین کے زبردست احتجاج کے باوجود ائیر انڈیا نے ان کے الاؤنسز (بھتّوں) میں 50 فیصد تخفیف کا اعلان کر دیا ہے۔ آفیشیل احکام کے مطابق یہ قدم شہری ہوابازی وزارت کی ہدایت پر اٹھایا گیا ہے اور اسے ائیر انڈیا لمیٹڈ کے ڈائریکٹر بورڈ نے منظوری دی ہے۔ الاؤنسز کے تعلق سے نیا ضابطہ یکم اپریل 2020 سے نافذ ہوگا اور ائیر انڈیا بورڈ کے جائزہ تک نافذ رہے گا۔
بتایا جا رہا ہے کہ الاؤنسز میں تخفیف کا اعلان سبھی ملازمین کے لیے ہے، صرف پائلٹ اور دیگر فلائنگ اسٹاف اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ان کی تنخواہ اور الاؤنس (آئی ڈی اے، ایچ آر اے اور بیسک پے سے متعلق دیگر بھتّے) یکساں رہیں گے۔ ڈی پی آئی بھتوں کے علاوہ دیگر بھتوں میں تخفیف کی شرح منظور بھتّے کا 40 فیصد ہوگی۔ اس میں فلائنگ الاؤنس، ایگزیکٹیو فلائنگ الاؤنس، اسپیشل پے وائیڈ باڈی الاؤنس، ڈومیسٹک لو اوور الاؤنس، چیک الاؤنس، انسٹرکٹر الاؤنس، ایکزامینر الاؤنس اور اضافی لینڈنگ الاؤنس شامل ہیں۔
فلائنگ الاؤنس کی ادائیگی کسی پائلٹ کے ذریعہ ایک مہینے میں پرواز کے حقیقی گھنٹوں پر کیا جائے گا۔ حالانکہ کسی خاص معاملے میں پرواز کے لیے دستیاب سبھی پائلٹوں کو مالی سال 21-2020 کی پہلی سہ ماہی اور دوسری سہ ماہی کے دوران مہینے میں 20 گھنٹے کی پرواز یا حقیقی پرواز گھنٹوں، جو بھی زیادہ ہوگا، کے لیے ترمیم پرواز بھتہ شرح پر ادائیگی کی جائے گی۔
سمولیٹر ٹریننگ مدت کے لیے پرواز بھتہ کی ترمیم شدہ شرح پر ادائیگی کی جائے گی۔ ایک مہینے میں 70 گھنٹے سے زیادہ کے اوور ٹائم کی شرح پرواز بھتے کی ترمیم شدہ شرح کا 125 گنا ہوگی۔ جب کہ ہندوستان کے باہر کے مراکز پر لو اوور الاؤنس کی ادائیگی نوٹیفائیڈ سرکاری شرحوں کے مطابق کی جائے گی۔
شہری ہوابازی وزارت کے یکم جنوری 2016 کے لیٹر کے مطابق دیگر نافذ شرائط اور جرمانے یکساں رہیں گے۔ جنرل کلاس کے افسران کے لیے تنخواہ اور بھتہ (بیسک پے سے متعلق بیسک، آئی ڈی اے اور ایچ آر اے) غیر متبدل رہے گا۔ حالانکہ دیگر بھتوں میں 50 فیصد کی تخفیف کی جائے گی۔ جنرل کلاس کے اسٹاف کے لیے بھتوں میں 30 فیصد تک تخفیف کی جائے گی اور آپریٹروں کے لیے بھی اتنی ہی تخفیف کی جائے گی۔ مستقل اور معاہدہ والے کیبن کرو کے لیے بھتوں میں 20 فیصد تک تخفیف ہوگی۔ مذکورہ بالا سبھی بھتوں کی ادائیگی حقیقی پرواز پر گھٹائی گئی شرح پر کی جائے گی۔
فلائنگ کیبن کرو سمیت سبھی درجہ کے ملازمین کے لیے بیرون ملکی سفر بھتہ/بیرون ملکی روزانہ بھتہ کی ادائیگی وزارت خارجہ کے 21 ستمبر 2010 کے حکم کے مطابق نوٹیفائیڈ سرکاری شرح کی بنیاد پر کی جائے گی۔ پرواز کرو کے لیے لو اوور بھتہ میں بھی اسی طرح ترمیم ہوگا۔ جن ملازمین (مستقل اور ایف ٹی سی دونوں) کی تنخواہ 25 روپے فی ماہ تک ہے، ان کی تنخواہ میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔