یوم آزادی: لال قلع کی فصیل سے پی ایم مودی نے مجاہدین آزادی کے ساتھ ساتھ ’کورونا واریرس‘ کو بھی کیا سیلیوٹ

پی ایم مودی نے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے بعد کہا کہ آزادی اور مادر وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کی قرربانی پیش کرنے والے واریرس کی وجہ سے ہی ہم کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی حفاظت میں اپنی جانوں کی قربانی پیش کرنے والے ہندوستان کے سپوتوں کے ساتھ ساتھ آج ملک بھر کے کورونا وائریرز کو بھی خراج عقیدت پیش کی اور سیلیوٹ کیا ۔ پی ایم مودی نے 74ویں یوم آزادی کے موقع پرلال قلع کی فصیل سے قومی پرچم لہرانے کے بعد کہا کہ آزادی اور مادر وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کی قرربانی پیش کرنے والے واریرس کی وجہ سے ہی ہم کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ پوری قوم ان جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔

پی ایم مودی نے کہا کہ آزادی کا یہ تہواراس سال ملک میں غیرمعمولی حالات میں منایا جارہا ہے اور ہندوستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو کورونا وبا کے چیلنج کا سامنا ہے۔ اہل وطن نے اپنےعزم اورقابلیت سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے۔ ملک کے کورونا واریئرز 24 گھنٹوں اور دن رات ایک کر کے اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ”کورونا کے اس غیر معمولی دور میں ’ سیوا پرمو دھرما‘(خدمت ہی سب سے بڑا مذہب ہے) کے جذبہ کے ساتھ اپنی زندگی کو پرواہ کئے بغیر ہمارے ڈاکٹرز،نرسز ، پیرا میڈیکل اسٹاف ، ایمبولینس کے عملے ، صفائی ملازمین ، پولیس اہلکار ، سروسز کے اہلکار اور بہت سارے دوسرے افراد چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں“۔


وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وہ ان تمام کورونا واریرس کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اس دوران بہت سارے لوگ جو خدمات دینے کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ملک ان سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ منفی حالات میں اپنے اعتماد اور عزم کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔ ملک جلد ہی کورونا کی وبا کے خلاف بھی فتح حاصل کرے گا۔

پی ایم مودی نے کہا کہ غلامی کا کوئی دور ایسا نہیں تھا جب ہندوستان کے کسی کونے میں آزادی کی کوشش نہیں کی گئی ہو ،جان کی قربانی پیش نہ کی گئی ہو۔ ملک میں آزادی کی خواہش ایسی تھی کہ اس نے دو عالمی جنگوں کے دوران بھی اپنے عزائم کو کمزور نہیں ہونے دیا اور توسیع پسند قوتوں کے منصوبوں کو ناکام بناکر آزادی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ملک ایک بار جوعزم کرلیتا ہے تو وہ اسے پور اکر کے ہی دم لیتا ہے۔ ملک ایسے ہی ایک دن کورونا کو ہرا کر دم لے گا۔ خیال رہے کہ لال قلعے پر پرچم لہرانے سے پہلے پی ایم مودی صبح سات بجے راج گھاٹ پہنچے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔