اتر پردیش کی فتح پور سیکری لوک سبھا سیٹ پر وی وی پیٹ پرچیوں کی گنتی کا مطالبہ، بے ضابطگی کا الزام
یوپی کی فتح پور سیکری سیٹ سے انڈیا الائنس کے امیدوار رام ناتھ سنگھ سیکروار نے ووٹوں کی گنتی کے دوران بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے وی وی پیٹ کی پرچیوں کی گنتی کا مطالبہ کیا ہے
اتر پردیش کی فتح پور سیکری لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے امیدوار رام ناتھ سنگھ سیکروار نے ووٹوں کی گنتی کے دوران بے ضابطگی کا الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران دھاندلی ہوئی ہے۔ اس الزام کے بعد انہوں نے اس سیٹ پر وی وی پیٹ پرچیوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔ رام ناتھ سیکروار نے اس ضمن میں سپریم کورٹ کے حکم کی پابندی کرتے ہوئے آگرہ کے ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھا ہے۔
رام ناتھ سنگھ سیکروار فتح پور سیکری لوک سبھا سیٹ سے انڈیا الائنس کے امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران گڑبڑ ہوئی ہے، جس کی بابت انہوں نے پہلے ہی آگرہ کے ضلع مجسٹریٹ سے اس سیٹ پر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کرانے کا مطالبہ کیا تھا مگر ان کی بات نہیں سنی گئی۔
رام ناتھ سنگھ نے اب ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھ کر وی وی پیٹ کی پرچیوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ فتح پور سیکری آگرہ کے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو تحصیل کھیرا گڑھ کی پھل غلہ منڈی میں ہوئی تھی۔ ووٹوں کی گنتی میں خامیوں کی وجہ سے دوبارہ گنتی کے لیے آپ کو درخواست دی گئی تھی لیکن دوبارہ گنتی نہیں کی گئی۔ آپ سے درخواست ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق براہ کرم وی وی پیٹ پرچیوں کی گنتی کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں : راشن کارڈ کو آدھار سے جوڑنے کی آخری تاریخ میں 3 ماہ کی توسیع
فتح پور سیکری لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار راجکمار چاہر کی جیت ہوئی ہے۔ اس سیٹ پر انڈیا الائنس نے رام ناتھ سنگھ سیکروار کو میدان میں اتارا تھا۔ اس انتخاب میں بی جے پی کے امیدوار نے سیکروار کو 43405 ووٹوں سے شکست دی۔ راجکمار چاہر کو 445657 ووٹ ملے جبکہ سیکروار کو 402252 ووٹ ملے۔ اس سیٹ پر بی ایس پی تیسرے نمبر پر رہی۔ بی ایس پی کو صرف 120539 ووٹ ملے۔
واضح رہے کہ اس بار اتر پردیش کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو کئی سیٹوں پر بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے نے یوپی میں 36 سیٹیں جیتی ہیں جبکہ سماجوادی پارٹی-کانگریس اتحاد نے 43 سیٹیوں پر کامیابی حاصل کی ہے جن میں سے سماجوادی پارٹی نے 37 اور کانگریس نے 6 سیٹیں جیتی ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کئی سیٹوں پر گڑبڑی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔