دہلی کے گریٹر کیلاش واقع سمرفیلڈ اسکول کو ملی بم سے اڑانے کی دھمکی، اسکول خالی کر جانچ شروع
دہلی پولیس کے مطابق اسکول میں بم رکھے ہونے کی یہ دھمکی افواہ معلوم پڑ رہی ہے، اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر کے جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
دہلی کے ایک اسکول میں پھر سے بم رکھے جانے کی دھمکی ملی ہے۔ معاملہ جنوبی دہلی کے گریٹر کیلاش واقع سمر فیلڈ اسکول سے جڑا ہے جسے دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا ہے۔ اس ای میل کے بعد سے ہی افرا تفری شروع ہو گئی اور فوری طور پر پولیس کو معاملے کی اطلاع دی گئی۔ ای میل میں بتایا گیا ہے کہ بم اسکول میں رکھا گیا ہے۔ یہ ای میل جمعرات کی دیر شب تقریباً 12.30 بجے موصول ہوا، لیکن جمعہ کی صبح جب اسکول کھلا تو انتظامیہ نے تقریباً 8.30 بجے یہ ای میل دیکھا۔ اس ای میل کو دیکھنے کے فوراً بعد پولیس کو جانکاری دی گئی۔
سمرفیلڈ اسکول کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کی خبر ملتے ہی دہلی پولیس سرگرم ہو گئی اور اسکول پہنچی۔ فوری طور پر اسکول کو خالی کرایا گیا اور بم کی تلاش شروع کر دی گئی۔ کافی تلاش کے بعد بھی اسکول میں کوئی بم نہیں ملا۔ اس تعلق سے پولیس کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسکول میں بم رکھے ہونے کی یہ دھمکی افواہ معلوم پڑ رہی ہے۔ حالانکہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور جانچ بھی شروع ہو گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پہلے بھی دہلی کے کئی اسکولوں میں بم رکھے ہونے کی دھمکی مل چکی ہے۔ اکثر یہ دھمکی افواہ ہی ثابت ہوتی ہے، پھر بھی احتیاطاً بچوں کو اسکول سے نکال کر پورے اسکول احاطہ کی تلاشی لی جاتی ہے تاکہ کسی طرح کا حادثہ پیش نہ آ جائے۔ ایک بار پھر کچھ ایسا ہی ای میل سمرفیلڈ اسکول کو ملا اور ابھی تک بم برآمد نہیں کیا جا سکا ہے جس سے لگ رہا ہے کہ یہ محض ڈرانے کی کوشش یا کسی کی بدمعاشی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔