ریسلنگ فیڈریشن چیف برج بھوشن سنگھ کے خلاف دہلی پولیس نے درج کی 2 ایف آئی آر، پاکسو ایکٹ بھی لگایا گیا
کناٹ پلیس پولیس اسٹیشن میں برج بھوشن کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ ایک کیس پاکسو ایکٹ کے تحت بھی درج کیا گیا ہے، دراصل ایک نابالغ کی شکایت کی بنیاد پر یہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔
ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے چیف اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دہلی پولیس نے 2 ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ برج بھوشن کے خلاف خاتون پہلوانوں کی شکایت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ کیس درج کیا گیا ہے۔ کناٹ پلیس پولیس اسٹیشن میں یہ معاملہ درج کیا گیا ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ ایک کیس پاکسو ایکٹ کے تحت بھی درج کیا گیا ہے۔ دراصل ایک نابالغ متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر یہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔
دہلی پولیس نے بتایا کہ دوسری ایف آئی آر ایک دیگر خاتون پہلوان کی شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس نے دونوں ہی معاملوں کی جانچ شروع کر دی ہے۔ حالانکہ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ دونوں ایف آئی آر میں کون کون سے دفعات جوڑے گئے ہیں۔ پولیس نے صرف ایک ایف آئی آر میں پاکسو ایکٹ کا تذکرہ کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کو آج ہی دہلی پولیس نے بتایا تھا کہ کھلاڑیوں کی شکایت پر برج بھوشن سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ حالانکہ پہلوانوں نے دہلی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ برج بھوشن کو گرفتار کیا جائے۔ خاتون پہلوانوں سمیت بڑی تعداد میں مرد پہلوان بھی برج بھوشن کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر اب بھی جمے ہوئے ہیں۔ یہ کھلاڑی گزشتہ چھ دنوں سے یہاں دھرنے پر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 7 خاتون کھلاڑیوں نے ریسلنگ فیڈریشن چیف کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی جس کے بعد عدالت نے دہلی پولیس کو نوٹس بھیجا تھا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران جب دہلی پولیس نے برج بھوشن کے خلاف جلد ایف آئی آر درج کیے جانے کی بات کہی، تو اس کے بعد مشہور پہلوان ونیش پھوگاٹ کا ایک بیان سامنے آیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’’ہم اس وقت تک مظاہرہ جاری رکھیں گے جب تک کہ برج بھوشن سنگھ کو جیل میں نہ ڈال دیا جائے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ برج بھوشن کو سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے اور اسے سبھی عہدوں سے بھی ہٹا دیا جانا چاہیے، ورنہ وہ جانچ متاثر کرنے کی کوشش کریں گے۔ خاتون پہلوان ساکشی ملک نے بھی جنتر منتر پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا برج بھوشن کو جیل میں جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ’یہ (برج بھوشن کے خلاف ایف آئی آر) جیت کی طرف پہلا قدم ہے۔ لیکن ہمارا مظاہرہ برج بھوشن شرن سنگھ کے جیل میں جانے تک جاری رہے گا۔ ہم اپنا بیان سپریم کورٹ میں درج کرائیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔