دہلی: ایل جی نے بدعنوان افسران کو معطل کیا، لیکن کیجریوال بچا رہے: کانگریس

ملی شکایت پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے نوٹس لے کر وزیر اعلیٰ دفتر میں کام کر رہے ڈپٹی سکریٹری، دو ایس ڈی ایم اور ایک سب رجسٹرار کو معطل کرنے کی ہدایت دہلی حکومت کے چیف سکریٹری کو دی ہے۔

چودھری انل کمار (کانگریس)
چودھری انل کمار (کانگریس)
user

قومی آواز بیورو

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انسداد بدعنوانی کا نعرہ دے کر اقتدار میں آئے اروند کیجریوال کی حکومت میں موجود بدعنوانی کے ساتھ ساتھ دہلی حکومت کی ایڈمنسٹریشن کو چلانے والے افسران بھی بھرپور بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ ان کے خلاف ملی شکایت پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے نوٹس لے کر وزیر اعلیٰ دفتر میں کام کر رہے ڈپٹی سکریٹری، دو ایس ڈی ایم اور ایک سب رجسٹرار کو معطل کرنے کی ہدایت دہلی حکومت کے چیف سکریٹری کو دی ہے۔ چودھری انل کمار نے کہا کہ بدعنوانی پر قابو کے لیے لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ کارروائی کرنے سے صاف ہو گیا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی ناک کے نیچے بدعنوانی پھل پھول رہی ہے اور وزیر اعلیٰ بدعنوانی ختم کرنے کی جگہ اپنے بدعنوان جیل میں بند وزیر ستیندر جین کو بچانے کے لیے پورا زور لگا رہے ہیں۔

چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی حکومت میں منکشف بدعنوانی کا معاملہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، لیکن افسوسناک یہ ہے کہ دہلی حکومت کے وجلنس محکمہ کے ہوتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف کارروائی کا حکم وزیر اعلیٰ کی جگہ لیفٹیننٹ گورنر کو چیف سکریٹری کو دینا پڑ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہلی حکومت کے ماتحت کالکاجی میں ای ڈبلیو ایس فلیٹ کی تعمیر میں ہوئی خامیوں کے سبب بھی لیفٹیننٹ گورنر نے دو اسسٹنٹ انجینئرنس کو بھی معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اروند کیجریوال کابینہ کے 80 فیصد وزرا اور 38 اراکین اسمبلی کے خلاف بدعنوانی کے معاملوں میں الزام ثابت ہو چکے ہیں۔


چودھری انل کمار کا کہنا ہے کہ گزشتہ 8 سالوں سے دہلی کی گدی پر بیٹھی عام آدمی پارٹی کی مدت کار میں بدعنوانی کا بول بالا اس قدر حاوی ہو گیا ہے کہ عوام کا سماجی، فلاحی یا انتظامی کسی بھی طرح کا کام بغیر رشوت کے پورا نہیں ہو سکتا ہے، جب کہ کیجریوال شفافیت اور ایمانداری کا ڈنکا پیٹتے رہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہلی میں کیجریوال کی جانبدارانہ سوچ اور انتظامی ناکامی کا ہی نتیجہ رہا کہ ان کی حکومت کے تحت کام کرنے والے افسران بدعنوانی میں ملوث ہیں۔

دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ کووڈ بحران میں عارضی اسپتال بنانے سے متعلق بدعنوانی کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے عارضی اسپتال صرف کاغذات میں ہی بنائے ہیں، حقیقت میں دہلی حکومت نے صرف اعلان کر کے ٹنڈر نکالا، لیکن اسپتال نہیں بنے۔ انھوں نے کہا کہ کیجریوال حکومت نے کووڈ بحران میں دہلی والوں کی جان سے کھلواڑ کر کے بدعنوانی کے ذریعہ پارٹی کے لیے فنڈ اکٹھا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔