رنجی ٹرافی: ممبئی کے بلے باز سرفراز خان سنچری بنانے کے بعد جذباتی ہوئے

رنجی ٹرافی کے فائنل میں سنچری بنانے کے بعد سرفراز خان انتہائی جذباتی نظر آئے اور سنچری کا جشن مناتے ہوئے ان کی آنکھیں بھی نم نظر آئیں۔

سرفراز خان، تصویر آئی اے این ایس
سرفراز خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بنگلورو میں رنجی ٹرافی 2022 کا فائنل میچ ممبئی اور مدھیہ پردیش کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ ممبئی نے پہلی اننگ میں 374 رن بنائے ہیں جس میں سرفراز خان کی 134 رنوں کی لاجواب اننگ بھی شامل ہے۔ ممبئی کے اس بلے باز نے گھریلو کرکٹ میں رنوں کا انبار کھڑا کر دیا ہے اور رنجی ٹرافی 2022 میں تو 8 اننگز میں اب تک 937 رن بنا ڈالے ہیں۔ بدھ کے روز جب ممبئی کی اننگ لڑکھڑا رہی تھی تو سرفراز نے ہی ایک سرے پر کھڑے ہو کر ٹیم کے لیے رن بنائے اور جمعرات کو وہ دسویں وکٹ کی شکل میں 134 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

رنجی ٹرافی کے فائنل میں سنچری بنانے کے بعد سرفراز خان انتہائی جذباتی نظر آئے اور سنچری کا جشن مناتے ہوئے ان کی آنکھیں بھی نم نظر آئیں۔ اس سیریز میں اب تک 4 سنچری بنا چکے سرفراز نے فائنل میں سنچری کا جشن کچھ خاص انداز میں منایا جو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہا ہے۔ سرفراز نے جیسے ہی سنچری مکمل کی، انھوں نے آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسیٰ والا کے ’تھپی‘ سگنیچر اسٹیپ کو کاپی کیا۔ سرفراز نے پہلے اپنی جانگھ پر تھپڑ مارا اور پھر انگلی سے آسمان کی طرف اشارہ کیا۔ لوگ ان کے اس انداز کو کافی پسند کر رہے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ سرفراز خان نے فائنل میں سنچری لگانے سے پہلے سوراشٹر کے خلاف 275 رن، اتراکھنڈ کے خلاف 153 رن اور اڈیشہ کے خلاف 165 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔ انھوں نے دو نصف سنچری بھی بنائی ہے۔ لیکن فائنل میں لگائی گئی سنچری بہت خاص ہے کیونکہ ممبئی کو مشکلات کا سامنا تھا اور ایسے وقت میں انھوں نے بڑا اسکور بنا کر ٹیم کو طاقت دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔