دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کل 4.30 بجے لیفٹیننٹ گورنر سے کریں گے ملاقات، باضابطہ استعفیٰ کا امکان

استعفیٰ دیے جانے کے اعلان کے بعد آج کیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کا وقت طلب کیا، کل ملاقات کے دوران وہ اپنے عہدہ سے باضابطہ طور پر استعفیٰ دے سکتے ہیں۔

ونئے کمار سکسینہ اور اروند کجریوال
ونئے کمار سکسینہ اور اروند کجریوال
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے 15 ستمبر کو استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا، لیکن باضابطہ طور پر استعفیٰ وہ کل لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کے دوران دے سکتے ہیں۔ دراصل وزیر اعلیٰ کیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ اس سلسلے میں ایل جی سکریٹریٹ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ایل جی سکسینہ اور وزیر اعلیٰ کے درمیان کل یعنی منگل کو دوپہر بعد 4.30 بجے ملاقات ہوگی۔

اس سے قبل عآپ کی طرف سے جانکاری دی گئی ہے کہ اروند کیجریوال وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ کیجریوال کی طرف سے حیرت انگیز طور پر استعفیٰ دیے جانے کے بعد اب نئے وزیر اعلیٰ کے نام کو لے کر قیاس آرائیوں کا دور چل پڑا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کیجریوال نے کل ہی یہ بھی واضح کر دیا کہ ان کی جگہ منیش سسودیا بھی دہلی کے وزیر اعلیٰ نہیں ہوں گے۔


اس درمیان مرکز کے زیر انتظام خطہ دہلی کے لیے نیا وزیر اعلیٰ منتخب کرنے سے متعلق آج شام کو عآپ کی کمیٹی برائے سیاسی امور کی میٹنگ سمیت کئی اہم میٹنگیں کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ دوسری طرف پارٹی سے منسلک لیڈروں کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ عآپ کے سینئر لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا آج صبح نئے وزیر اعلیٰ کے ممکنہ ناموں پر تبادلہ خیال کے لیے کیجریوال کی سرکاری رہائش پر گئے تھے۔ اس کے بعد پارٹی کی کمیٹی برائے سیاسی امور (پی اے سی) کی میٹنگ آج شام کو ہی وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش پر ہونے والی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔