’کون بنے گا دہلی کا وزیر اعلیٰ‘، دوڑ میں 2 خواتین شامل، سوربھ بھاردواج نے بتائی نام اعلان کیے جانے کی تاریخ

میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ’’آج پیر کو عید میلادالنبی کی چھٹی ہے، کل یعنی منگل کے روز ہفتہ کا پہلا ورکنگ ڈے ہے، وزیر اعلیٰ کیجریوال کل ہی اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>عآپ رہنما سوربھ بھاردواج / قومی آواز / وپن</p></div>

عآپ رہنما سوربھ بھاردواج / قومی آواز / وپن

user

قومی آواز بیورو

دہلی حکومت میں وزیر صحت سوربھ بھاردواج نے آج اس بات سے پردہ اٹھا دیا ہے کہ دہلی کے نائے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کب کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا ہے کہ پیر کے روز چھٹی ہے، اس لیے منگل کے روز طے ہوگا کہ وزیر اعلیٰ کی کرسی پر کون بیٹھے گا۔ انھوں نے یہ باتیں دہلی واقع عآپ دفتر میں کہیں۔

میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ’’آج یعنی پیر کو عید میلادالنبی کی چھٹی ہے۔ کل ہفتہ یعنی کہ منگل کے روز پہلا ورکنگ ڈے ہے۔ کل ہی وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں گے۔ ان کا استعفیٰ منظور ہوتے ہی عآپ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ بلائے گی۔ ہمارے پاس 60 اراکین اسمبلی ہیں۔ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں جس نام پر اتفاق قائم ہوگا، وہی دہلی کا اگلا وزیر اعلیٰ بنے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ دہلی میں سبھی کام اب نئے وزیر اعلیٰ کی رہنمائی کے مطابق ہی ہوں گے۔


قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ بننے کی دوڑ میں جو 3 نام سب سے آگے ہیں، ان میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ قیاس آرائی ہو رہی ہے کہ موجودہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی شریک حیات سنیتا کیجریوال کو وزیر اعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔ کچھ لوگ یہ بھی دعویٰ کر رہے ہیں کہ کیجریوال حکومت میں ایک درجن سے زائد محکموں کو ذمہ داری سنبھال رہی وزیر آتشی کے نام کا اعلان ہو سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی دوڑ میں تیسرا اہم نام کیلاش گہلوت کا ہے، ان کے نام پر بھی مہر لگ سکتی ہے۔

سوربھ بھاردواج نے آج پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعلیٰ نے جیل سے رِہا ہونے کے بعد اپنی مرضی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا جو کہ انتہائی اہم قدم ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کو لے کر عوام میں بہت زیادہ عدم اطمینان ہے۔ یہ عدم اطمینان اس بات سے پیدا ہوا ہے کہ آئی آئی ٹی اور آئی آر ایس امتحان پاس کرنے والے وزیر اعلیٰ نے انکم ٹیکس کمشنر کی شکل میں کام کیا، دس سال تک جھگی جھونپڑیوں میں خدمت کرنے کے لیے اپنی ملازمت چھوڑ دی اور عہدہ پر رہتے ہوئے بھی جدوجہد کرتے رہے۔‘‘


سوربھ بھاردواج نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 9 سال سے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے ان پر کئی طرح کی پابندیاں عائد کی گئیں، لیکن کیجریوال دہلی کے لوگوں کے لیے مستقل کام کرتے رہے۔ وزیر صحت کے مطابق دہلی کے لوگوں کے اندر اس وقت بے صبری پیدا ہو چکی ہے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ جلد انتخاب ہو تاکہ عآپ کو ووٹ دے کر کیجریوال کو پھر سے وزیر اعلیٰ بنائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔