کیجریوال حکومت نے دہلی کو جرم سے پاک بنانے کا کیا تھا وعدہ، بنا دیا ’ریپ کیپٹل‘
دہلی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ سات سالوں میں خواتین کے ساتھ مجرمانہ اور جنسی استحصال کے واقعات تیزی کے ساتھ بڑھے ہیں۔
دہلی کانگریس نے کیجریوال حکومت پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وعدہ کے برعکس اس نے دہلی کو ’ریپ کیپٹل‘ (عصمت دری کی راجدھانی) بنا دیا ہے۔ دہلی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار نے کستوربا نگر میں عصمت دری متاثرہ سے ملاقات کے بعد یہ بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ بدعنوانی اور عصمت دری کے شکار لوگوں کو انصاف دلانے کی لڑائی لڑنے کی تحریک شروع کر کے دہلی کا اقتدار ہتھیانے والے اروند کیجریوال کی حکومت میں خواتین کے ساتھ ہونے والے جرائم کا گراف بہت بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ سات سالوں میں خواتین کے ساتھ مجرمانہ اور جنسی استحصال کے واقعات بڑی تعداد میں سامنے آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حالات اس قدر خراب ہو گئے ہیں کہ دہلی دنیا میں ’ریپ کیپٹل‘ کے نام سے مشہور ہو گئی ہے۔
چودھری انل کمار اجتماعی عصمت دری متاثرہ کے والد اور بہن سے ملاقات کر انھیں بھروسہ دلایا کہ کانگریس پارٹی ہر وقت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریاستی صدر نے متاثرہ کنبہ کی معاشی مدد بھی کی۔ اس موقع پر انھوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس متاثرہ سمیت کنبہ کے سبھی اراکین کی سیکورٹی یقینی بنائے اور دہلی حکومت متاثرہ کو سرکاری ملازمت دے۔ اگر دہلی حکومت ملازمت نہیں دیتی ہے تو دہلی کانگریس پرائیویٹ سیکٹر میں متاثرہ کے لیے ملازمت کا انتظام کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : دہلی یونیورسٹی میں آئندہ سیشن سے بند ہو جائے گا ایم فل نصاب
چودھری انل کمار نے دہلی میں بڑھتے جرائم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشوں کے ذریعہ خاتون کو اغوا کر کے عصمت دری کرنے اور برسرعام جوتے کی مالا پہنا کر غلط سلوک کرنے سے متعلق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا غیر ذمہ دارانہ بیان صاف کرتا ہے کہ انھیں متاثرہ خاتون کے تئیں کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ چودھری انل کمار نے مطالبہ کیا کہ دہلی خاتون کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال دہلی پولیس کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ سے گزارش کریں کہ وہ ہر حال میں دہلی کے حالات کو بہتر بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی حکومت میں دہلی میں جرائم کے معاملے عروج پر ہیں اور دہلی میں نظامِ قانون پوری طرح سے تباہ ہو گیا ہے۔ کروڑوں روپے کے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے باوجود دہلی میں جرائم کا گراف بڑھتا ہی جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔