شہید اگنی ویر کے کنبہ کو امداد دینے سے متعلق وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں سچ نہیں بولا، کانگریس کا انکشاف

کانگریس نے شہید اگنی ویر اجئے سنگھ کے والد کا بیان پیش کیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ نہ ہی انھیں امداد سے متعلق کوئی پیغام ملا ہے اور نہ ہی کوئی رقم حاصل ہوئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>راجناتھ سنگھ اور راہل گاندھی</p></div>

راجناتھ سنگھ اور راہل گاندھی

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے گزشتہ روز ’اگنی ویر‘ کا معاملہ زور و شور سے اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ نہ تو انھیں شہید کا درجہ ملتا ہے اور نہ ہی کوئی معاوضہ دیا جاتا ہے۔ راہل گاندھی کے اس بیان کو مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جھوٹ پر مبنی قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ شہید ہونے والے اگنی ویروں کو ایک کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔ اب اس تعلق سے کانگریس نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر انکشاف کیا ہے کہ وزیر دفاع نے پارلیمنٹ میں غلط بیانی کی ہے۔

دراصل کانگریس نے راہل گاندھی کا ایک ویڈیو پیغام اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کیا ہے جس میں شہید اگنی ویر اجئے سنگھ کے والد کا بیان شامل ہے۔ اجئے سنگھ کے والد ویڈیو میں کہتے نظر آ رہے ہیں کہ نہ ہی انھیں امداد سے متعلق کوئی پیغام ملا ہے اور نہ ہی کوئی رقم حاسل ہوئی ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’’سچائی کی حفاظت ہر مذہب کی بنیاد ہے۔ لیکن وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے شہید اگنی ویر کے کنبہ کو امداد ملنے کے بارے میں پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا۔ ان کے جھوٹ پر شہید اگنی ویر اجئے سنگھ کے والد نے خود سچائی بتائی ہے۔‘‘


اس ویڈیو میں راہل گاندھی کہہ رہے ہیں کہ ’’میں نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریر میں کہا کہ سچائی کی حفاظت ہر مذہب کی بنیاد ہے۔ جواب میں راجناتھ سنگھ نے شیو جی کی تصویر کے سامنے پورے ہندوستان کو، ملک کی فوج کو اور اگنی ویروں کو معاوضہ کے بارے میں جھوٹ بولا۔‘‘ پھر وہ کہتے ہیں کہ ’’میں نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ میری بات کو مت سنیے، ان کی بات بھی مت سنیے، اگنی ویر کے کنبہ کی بات سنیے۔‘‘

اس ویڈیو میں اجئے سنگھ کے کنبہ سے راہل گاندھی کی ایک ملاقات کو دکھایا گیا ہے جس میں اجئے سنگھ کے اہل خانہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’کوئی سہولت نہیں مل رہی مرکزی حکومت سے۔ پنجاب حکومت نے کچھ امداد کی ہے، لیکن مرکز سے کوئی سہولت نہیں ملی۔ کہتے ہیں کہ پیسے آئیں گے... الیکشن آ رہا ہے... وہ آ رہا ہے... نہ جانے کب آئے گا پیسہ۔‘‘ اس کے بعد راہل گاندھی شہید اگنی ویر اجئے سنگھ کے والد کا وہ بیان سناتے ہیں جو انھوں نے پارلیمنٹ میں راہل گاندھی اور اور راجناتھ سنگھ کی تقریر سننے کے بعد دیا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’راجناتھ سنگھ نے جو کل بیان دیا کہ ایک کروڑ روپے (شہید اگنی ویروں کے) کنبوں کو مل چکے ہیں وہ جھوٹ ہے۔ ہمیں نہ کوئی پیغام آیا، نہ کوئی پیسہ آیا آج تک۔‘‘ اجئے سنگھ کے والد نے یہ بھی کہا کہ ’’راہل گاندھی ہماری آواز ایوان میں اٹھا رہے ہیں، شہیدوں کے کنبوں کو پوری مدد ملنی چاہیے۔ اگنی ویر منصوبہ بند ہونا چاہیے۔ مستقل بھرتی شروع ہونی چاہیے۔‘‘


اس ویڈیو کے آخر میں راہل گاندھی نے اپنی بات کو مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ’’مرکزی وزیر دفاع نے پارلیمنٹ میں شہید اجئے سنگھ کے کنبہ سے، اگنی ویروں، سے فوج سے اور ملک کے نوجوانوں سے جھوٹ بولا ہے۔‘‘ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر نے اس جھوٹ کے لیے وزیر دفاع سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سبھی سے معافی مانگیں۔ آخر میں وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ڈرو مت، ڈراؤ مت، ستیہ میو جیتے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔