کورونا: نہیں سنبھل رہے حالات، ہندوستان میں ہلاکتوں کی تعداد 2400 کے پار
دہلی میں کورونا سے اب تک 7639 لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد 86 ہو گئی ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ 2512 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔
ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ-19) کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 3525 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 74281 ہو گئی اور اس دوران 122 افراد کے جاں بحق ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 2415 تک پہنچ گئی۔ متاثرین کی تعداد 74 ہزار سے زائد ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان 50 ہزار سے زائد کیسز کی تعداد والے ممالک کی فہرست میں 12 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے بدھ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک 74281 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2415 افراد ہلاک ہوئے ہیں، وہیں اب تک 24386 مریض اس وبا سے صحت یاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
ملک میں کورونا سے سب سے زائد مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے۔ مہاراشٹر میں 24427 افراد اس وبا کی گرفت میں آ چکے ہیں اور 921 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وہیں ریاست میں 5125 افراد اس وبا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی معاملے میں ملک کی مغربی ریاست گجرات دوسرے مقام پر ہے۔ گجرات میں اب تک 8903 افراد اس وبا سے متاثرہ ہوئے ہیں اور 537 ہلاکتیں ہوئی ہیں، وہیں 3246 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ تمل ناڈو میں بھی كووڈ -19 متاثرین کی تعداد آٹھ ہزار سے بڑھ کر 8718 تک پہنچ گئی ہے اور اس وائرس سے 61 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، وہیں 2134 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
قومی دارالحکومت دہلی کی بھی حالت اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ یہاں اس وبا سے اب تک 7639 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور کورونا وائرس سے ہلاک شدگان کی تعداد 86 ہو گئی ہے، وہیں دارالحکومت میں 2512 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا۔ راجستھان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہاں کورونا متاثرین کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور یہ تعداد 4126 تک پہنچ گئی ہے اور 117 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، وہیں ریاست میں 2378 افراد كووڈ -19 سے مکمل طور صحت یاب ہوئے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 3664 افراد اس کی زد میں آئے ہیں اور کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 82 ہو گئی ہے، وہیں 1873 افراد اب تک اس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں اب تک کورونا سے 1326 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست میں جہاں کورونا سے 32 افراد ہلاک ہوئے ہیں، وہیں 830 افراد اب تک صحت ہوئے ہیں۔
جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں 2090 اور کرناٹک میں 925 افراد متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بالترتیب 46 اور 31 ہو گئی ہے۔ وہیں مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 934 ہو گئی ہے اور 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال میں 198، پنجاب میں 32، ہریانہ میں 11 اور بہار میں چھ، کیرالہ میں چار، جھارکھنڈ، چندی گڑھ اور اڈیشہ میں تین تین، ہماچل پردیش اور آسام میں دو دو اور میگھالیہ اور اتراکھنڈ میں ایک ایک شخص کی اس وبا سے موت ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔