معاشی پیکیج: آج سب کی نظریں نرملا سیتارمن پر، دیں گی 20 لاکھ کروڑ روپے کا حساب

پی ایم نریندر مودی نے ملک کے نام خطاب میں 20 لاکھ کروڑ روپے کے معاشی پیکیج کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ اس کی تفصیل وزارت مالیات بتائے گا۔ اب سب کی نظریں وزیر مالیات سیتارمن پر ٹک گئی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

منگل کی شب پی ایم نریندر مودی نے ملک کے نام خطاب میں کورونا بحران کے دوران کیے گئے سرکاری اقدام کا تو کوئی تذکرہ نہیں کیا، البتہ یہ ضرور کہا کہ وہ معاشی پیکیج کا اعلان کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ "کورونا بحران کا سامنا کرتے ہوئے، نئے عزائم کے ساتھ میں آج ایک خصوصی معاشی پیکیج کا اعلان کر رہا ہوں۔ یہ معاشی پیکیج خود انحصار ہندوستان مہم کی اہم کڑی کے طور پر کام کرے گا۔ خود انحصار ہندوستان کے عزم کو ثابت کرنے کے لیے اس پیکیج میں زمین،محنت، نقدی اور قانون سبھی پر زور دیا گیا ہے۔"

پی ایم مودی نے کہا کہ "یہ معاشی پیکیج ہماری چھوٹی صنعت، گھریلو صنعت، ہماری درمیانی صنعت کے لیے ہے۔ جو کروڑوں لوگوں کی روزی روٹی کا ذریعہ ہے، جو خود انحصار ہندوستان کے ہمارے عزم کی مضبوط بنیاد ہے۔" اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نے کہا کہ اس کی پوری تفصیل وزیر مالیات پیش کرے گا۔ ایسے میں امکان ہے کہ آج وزیر مالیات نرملا سیتارمن اس پیکیج کے بارے میں بتائیں گی کہ اس پیکیج کی رقم کہاں اور کس طرح خرچ کی جائے گی۔ اب سبھی کی نظریں نرملا سیتارمن پر ہی ٹکی ہوئی ہیں کیونکہ پی ایم مودی کے خطاب میں معاشی پیکیج سے متعلق اس کے علاوہ کچھ بھی انکشاف نہیں ہوا تھا کہ 20 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔


تقریباً 33 منٹ کے اپنے خطاب میں پی ایم مودی نے کہا کہ ایسے وقت میں جب کہ دنیا کی بڑی طاقتیں ہل گئی ہیں، تب ہم نے ملک کے غریب بھائیوں اور بہنوں کی ہمت اور عزم کا دیدار کیا۔ ریہڑی-پٹری والوں، مزدوروں اور گھروں میں کام کرنے والے غریب طبقے کے لوگوں نے بڑی قربانی دی ہے۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ انھیں آگے بڑھایا جائے، انھیں طاقت دی جائے۔ اس لیے حکومت نے ہر طبقے کے لیے کچھ اہم پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔